ہنگو،پولیس نے غیر قانونی ہتھیاروں کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی، بین الاضلاعی سمگلر گرفتار

ہفتہ 18 نومبر 2023 21:19

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2023ء) ہنگوپولیس نے غیر قانونی ہتھیاروں کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناکر ایک بین الاضلاعی سمگلر کو سوزوکی پک اپ سمیت حراست میں لے لیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ہنگو نثاراحمد نے بتایا کہ خفیہ ذرائع سے اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ دوآبہ انسپکٹر شباراز خان نے پولیس نفری کے ہمراہ تھانہ دوآبہ گیٹ کے سامنے ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ شروع کردی کہ اسی اثناء مذکورہ سوزوکی پک اپ نمبر( کوہاٹ۔

بی 8178 ) کوآتے ہوئے تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے تلاشی کے دوران گاڑی کی باڈی میں ڈرائیور سائیڈ سیٹ کے نیچے نصب شدہ سی این جی ٹینک کے اندر چھپائے گئے ہتھیاروں کی بھاری کھیپ برآمد کرلی اور سوزوکی قبضہ میں لیکر بین الاضلاعی سمگلر احمد فیاض ولد رضا خان سکنہ کوہاٹ کو گاڑی سمیت گرفتار کرلیا۔ڈی پی او کے مطابق برآمدکیے گئے اسلحے میں 02 کلاشنکوف مع04 عددچارجرز لوڈ شدہ‘ 7.62 بور کے 120 عدد کارتوس ‘ایک عدد ریپٹر 12 بورمع دو عدد خالی چارجر ‘ایک عدد ڈبل بیرل بندوق 12 بور کے شامل ہیں۔پولیس نے زیر حراست ملزم کو فوری طور پر تھانہ دوآبہ منتقل کردیا جہاں اس کے خلاف اسلحہ سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔

ہنگو میں شائع ہونے والی مزید خبریں