ہنگو ،پولیس نے فورسز کی وردی میں ملبوس راہزنی ،ڈکیتی کی وارداتیں کرنیوالے راہزن گروہ کے دوافراد کو گرفتار کرلیا

جمعہ 8 دسمبر 2023 23:11

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2023ء) ہنگو پولیس نے فورسز کی وردی میں ملبوس راہزنی اور ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والے راہزن گروہ کے دومسلح ارکان کودھاوابول کرحراست میں لے لیا جبکہ دو ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھاگ گئے۔پولیس کے مطابق گزشتہ شب ہنگو شہر کے نواحی علاقہ سماری روڈ پر سرکاری وردی میں ملبوس بعض نامعلوم مسلح افراد پتھر رکھ کر گاڑیوں کو لوٹ رہے تھے جس کی اطلاع پرڈسٹرکٹ پولیس آفیسر(ڈی پی او) ہنگو نثاراحمدخان نے فوری طورپرڈی ایس پی ہیڈکوارٹر فلک نواز خان بنگش کے زیر نگر انی پولیس سٹیشن سٹی کے ایس ایچ او سٹی فیاض خان کی قیادت میں پولیس نفری روانہ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

پولیس نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے سماری روڈپر فورسز کی یونیفارم میں ملبوس راہزنی اور ڈکیتی کرنے میں ملوث گروہ کے ارکان پر دھاوابولا اورملزمان جاوید خان ولد گل حسن شاہ سکنہ صفت بانڈہ اور سرکاری وردی میں ملبوس محمدسلطان ولد امام دین سکنہ خیرشاہ بانڈہ کو گرفتار کرلیا جبکہ تلاشی لینے پر دونوںکے قبضہ سے دو عدد 30 بورپستول بھی برآمدکرلئے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق دو ساتھی موٹرسائیکل پر رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم زیرحراست ملزمان نے بھاگنے والے ملزمان کے نام سلیمان اور بلال ساکنان جرما کوہاٹ بتلائے۔پولیس نے ملزمان کے خلاف تھا نہ سٹی میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

متعلقہ عنوان :

ہنگو میں شائع ہونے والی مزید خبریں