مون سون بارشوں کے دوران بجلی کے حادثات سے بچائو کیلئے ریسکیو 1122 کی ہدایات جاری

پیر 19 اگست 2019 11:10

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) مون سون بارشوں کے دوران بجلی کے حادثات سے بچائو کیلئے ریسکیو1122نے ہدایات جاری کر دیں۔ تفصیلات کے ہری پور ریسکیو 1122 کے ایمرجنسی آفیسر امجد خان نے عوام الناس کی آگاہی کیلئے تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کیلئے کہا ہے کہ عوام الناس تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے بارش کے دنوں میں بجلی پولوں اور برقی تنصیبات کو چھونے سے اجتناب کریں، بجلی کی گری ہوئی تاروں کے قریب نہ جائیں اور اس کی فوری اطلاع پیسکو کے شکایات مرکز یا ریسکیو 1122 کو دیں، اپنے گھروں کے اندر بجلی کے تمام برقی آلات کو باقاعدہ طور پر ارتھ کریں، کپڑوں پر استری کرتے وقت پیروں تلے خشک قالین یا لکڑی کا کوئی ٹکڑا ضرور رکھیں، اپنے گھریلو وائرنگ کی طرف خصوصی توجہ دیں اور ننگی تاروں کو جلد ازجلد تبدیل کر لیں یا ان کو مناسب اور محفوظ طریقہ سے ٹیپ کروائیں، گیلے ہاتھوں یا گیلے کپڑوں یا جوتے گیلے ہونے کی صورت میں برقی آلات کو ہاتھ مت لگائیں اور بجلی آلات وغیرہ کو بچوں کی رسائی سے دور رکھیں، پانی کی موٹروںکپڑے د ھو نے کی مشین، استری، سلائی مشین اور دیگربرقی آلات کو وقتاً فوقتاً ماہر الیکٹریشن سے چیک کراتے رہیں تاکہ وہ شارٹ نہ ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آپ کی لاپرواہی آپ ہی کیلئے جان لیوا حادثہ کا باعث بن سکتی ہے، ایسا کرنے سے قیمتی جان ضائع ہو جاتی ہے یا مستقل معذوری ہو جاتی ہے جس کا مداوا عمر بھر نہیں ہو سکتا، اپنے مال مویشی کو بجلی کے کھمبوں سے نہ باندھیں بلکہ انہیں گھروں تک محدود رکھیں، غیر ضروری آنے جانے سے گریز کریں، سیلاب کی صورت میں بجلی کا مین سرکٹ بریکر بند کر دیں، کسی بھی ناگہانی آفات میں ریسکیو 1122 کو بروقت آگاہ کریں۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں