ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کنزیومر کورٹ نے اکنامک زون حطار انتظامیہ سے خالی پلاٹوں اور صنعتوں سے متعلق رپورٹ طلب کر لی

پیر 29 اپریل 2024 21:50

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج کنزیومر کورٹ نے اکنامک زون حطار انتظامیہ سے خالی پلاٹوں اور صنعتوں سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کنزیومر کورٹ ہری پور منیرہ عباسی نے کمرشل ڈسپیوٹ ایکٹ 2022 کے تحت ایک مقدمے میں فیصلہ دیتے ہوئے اکنامک زون حطار کی انتظامیہ کو ہدایات دی ہیں کہ حطار انڈسٹریل سٹیٹ میں صنعت لگانے کیلئے لیز کئےگئے پلاٹوں کی موجودہ پوزیشن چیک کی جائیں تاکہ پتہ چل سکے کہ جس مقصد کیلئے پلاٹ لیز کیا گیا تھا وہاں کوئی صنعت لگائی گئی ہے یا وہ خالی پڑا ہے،اکثر لیز ہولڈر پلاٹ لیز کروانے کے بعد کرایہ پر یا خالی حالت میں چھوڑ دیتے ہیں جس کے باعث صنعتیں نہیں لگتیں جس سے ملکی معشیت کو نقصان پہنچتا ہے اور لوگ روزگار سے بھی محروم رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کے پی اکنامک زون حطار انتظامیہ کو مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جن پلاٹس میں صنعتیں لگی ہوئی ہیں انہیں بھی چیک کیا جائے کہ وہ کتنی جگہ استعمال کر رہے ہیں،اُن صنعتوں کے ٹیکسز،یوٹیلٹی بلز،ای او بی آئی سمیت تمام ضروری دستاویزات کا بھی معائنہ کیا جائے اور رپورٹ 60 روز کے اندر عدالت میں داخل کی جائے جبکہ رپورٹ کو مزید کارروائی کیلئے چیف سیکرٹری کے پی کے،سیکرٹری انڈسٹریز کے پی کے اور ڈی جی انڈسٹریز سمیت متعلقہ حکام کو بھی بھیجی جائے۔

متعلقہ عنوان :

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں