شادی سے انکار پر نوجوان کا انتہائی اقدام

نوجوان نے لڑکی کو کھتیوں میں لے جا کر قتل کر دیا بعدازاں اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کر لیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 11 اکتوبر 2021 15:13

شادی سے انکار پر نوجوان کا انتہائی اقدام
ہارون آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 اکتوبر 2021ء) : ہارون آباد میں نوجوان نے فائرنگ کے نتیجہ میں لڑکی کو قتل کر دیا۔تفصیلات کے مطاق ہارون آباد میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ناصر حسین نامی نوجوان نے اس لڑکی کو مار دیا جس سے وہ محبت کرتا تھا۔ناصر حسین کوثر بی بی سے شادی کا خواہشمند تھا،لڑکی نے شادی سے انکار کیا تو ملزم نے طیش میں آکر لڑکی کا قتل کر دیا۔

لڑکی کو قتل کرنے کے بعد دل برداشتہ نوجوان نے فائرنگ کے ذریعے اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کر لیا۔کوثر بی بی کپاس کی چنائی میں مصروف تھی کہ ناصر حسین نے قریبی کھیت میں لے جا کر قتل کر دیا،مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور کرائم سین ٹیم کو طلب کر لیا گیا۔قبل ازیں ایک افسوسناک واقعہ عارف والہ کے علاقے قبولہ میں پیش آیا تھا جہاں ایک نوجوان نے محبوبہ کی بارات کے دن اس کے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی ، جس کے نتیجے میں لڑکی کی ماں موقع پر ہی دم توڑ گئی ، جس کے بعد ملزم کی لاش بھی برآمد کرلی گئی۔

(جاری ہے)

واقعے کے بارے میں ایس ایچ او تھانہ رانا عمران نے بتایا کہ افسوسناک واقعہ تھانہ قبولہ کی حدود جھگیاں موضع چوغطہ میں پیش آیا ، جہاں ناصر نامی ایک نوجوان اپنے محلہ کی ایک لڑکی ثمرین سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن لڑکی کے والدین نے اس کی شادی دوسری جگہ طے کر دی ، لڑکی کی آج بارات آنا تھی لیکن ناصر نے اس سے پہلے ہی لڑکی کے گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی ، جس سے لڑکی کی والدہ حفیظاں بی بی جاں بحق ہو گئی۔

ایس ایچ او کے مطابق فائرنگ کے بعد ناصر نامی نوجوان فرار ہو گیا ، تاہم کچھ دیر بعد مذکورہ نوجوان کی لاش اس کے کوارٹر سے مل گئی ، جہاں وہ ملازمت کرتا تھا ، نوجوان نے ممکنہ طور پر گولی مار کر خود کشی کی ہے ، گولی نوجوان کے سینے میں لگی تاہم اس معاملہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، جب کہ مقتولہ کی لاش تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال منتقل کر دی گئی۔

ہارون آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں