عمران نے اقتدار جاتا دیکھ کر پاکستان پر حملہ کردیا، نواز شریف

مجھے جیل ڈالنے والے ججز آج مستعفی ہو کر گھر جارہے ہیں،جانتے ہیں کرتوت برے ہیں،والدہ کے جنازے کو کندھا نہیں دے سکا، اہلیہ فوت ہوئیںتو جیل میں اطلاع ملی ، والدہ کو قبر میں نہیں اتار سکا، خود پر ظلم برداشت کئے، زخم سہنے کے باوجود پاکستان پر زخم نہیں لگنے دیا،ہاورن آبادمیں جلسے سے خطاب

منگل 30 جنوری 2024 22:15

عمران نے اقتدار جاتا دیکھ کر پاکستان پر حملہ کردیا، نواز شریف
ہاورن آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا عمران خان پھر کشکول لے کر پہنچ گیا،ظلم سہنے کے باوجود میں نے کوئی قومی راز فاش نہیں کیا،جیسے ہی عمران خان کو اقتدار جاتا نظر آیا تو اس نے پاکستان پر حملہ کردیا، جن ججز نے مجھے جیل ڈالا اور آج وہ مستعفی ہوکر گھر جارہے ہیں، انہیں پتہ ہے ان کے کرتوت برے ہیںجبکہ مریم نواز نے کہاہے کہ وزیراعظم کے سینے میں سینکڑوں قومی راز دفن ہوتے ہیں، نواز شریف نے قومی سلامتی سے نہیں کھیلا تھا،وزارت عظمیٰ سے ہٹانے کے باوجود ملکی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دی، یہ فرق ہے نوازشریف اور ان کے مخالفین میں۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہارون آباد میں کتنے سالوں کے بعد آیا ہوں،ہارون آباد میں ماشااللہ بہت بڑا جلسہ ہے،میرا دل چاہتا ہے آپ کو پیشگی مبارکباد دے دوں،آپ لوگوں نے میرے ساتھیوں کو کامیاب کرانا ہے۔

(جاری ہے)

نوازشریف نے کہاکہ مجھے نااہل کیا گیا لیکن آج سرخرو ہوکر عوام کے سامنے کھڑا ہوں،آپ کے نعرے سن کر میرا 5کلو خون بڑھ گیا،کسانوں سے پوچھو نواز شریف کے دور میں ٹریکٹر کتنے کا تھا اور آج پوچھو کتنے کا ہے،میں نے لوڈ شیڈنگ ختم کی، سستی بجلی لے کر آیا، بتا نوازشریف یاد آتا ہے کہ نہیں آتا۔

مسلم لیگ ن کے قائد نے کہاکہ تبدیلی نے پاکستان کا یہ حشر کیاکہ روٹی 25روپے کی ہوگئی، نوازشریف کے دور میں گیس اور بجلی سستی تھی،تبدیلی نے عوام کے ساتھ یہ سلوک کیا ہے،نوازشریف نے لوڈشیڈنگ ختم کی،سستی بجلی لے کر آیا، ہمارے دور میں جس کا بل ایک ہزار آتا تھا اس کا بل اب 20ہزار آتا ہے۔سابق وزیراعظم نے کہاکہ نوازشریف کے دور میں چینی 35روپے کلو تھی، آج 150روپے کلو ہے، کسان میرے عزیز بھائی ہیں،ٹریکٹر پہلے 8لاکھ کا تھا، آج 40لاکھ روپے کا ہے، نوازشریف کے دور میں یوریا 1300روپے کا تھا، آج 5ہزار روپے کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج 280کا ڈالر ہے، ہمارے دور میں ڈالر 140روپے کا تھا، پیٹرول ہمارے دور میں 60روپے لیٹر تھا، ہمارے دور میں ادویات مفتی ملتی تھیں، ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا تھا اور ملک اپنے پائوں پر کھڑا ہوگیا تھا۔نواز شریف نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پھر کشکول لے کر مانگنے نکل پڑا، عمران خان کے دور میں یہ لوگ دوسرے ممالک سے مانگتے پھرتے تھے، انہوں نے پھر ملک کو بھیک مانگنے پر لگادیا، آج بہت بڑی خبر سنی آپ نی ہم پر بڑے بڑے ظلم و جبرہوئے، جو مجھ پر مانیٹرنگ جج لگے تھے، آج استعفیٰ دے کر گھرجارہے ہیں، ہمیں تو تماشا بنادیا گیا، ایسے نقصانات ہوئے کوئی تلافی نہیں۔

مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ والدہ کے جنازے کو کندھا نہیں دے سکا، اہلیہ فوت ہوتی ہیں تو جیل میں اطلاع ملتی ہے، والدہ کو قبر میں نہیں اتار سکا، میں نے خود پر ظلم برداشت کیے، زخم سہنے کے باوجود پاکستان پر زخم نہیں لگنے دیا،قومی راز فاش نہیں کیے لیکن عمران خان نے اقتدار جاتا دیکھ کر پاکستان پر حملہ کر دیا، آج نتیجہ دیکھ لیا، اس کا کردار بہت افسوس ناک تھا، اس نے گھنائونی سازش کرکے قومی سلامتی کو دا پر لگا دیا۔

سابق وزیراعظم نے کہاکہ نوازشریف نے قومی سلامتی کو کبھی دائو پر نہیں لگایا، ثاقب نثار نے بانی پی ٹی آئی کو صادق و امین قرار دیا تھا،ہم تو ملک میں موٹرویز بنارہے تھے،سی پیک آرہا تھا،ہمارے دور میں کرپشن کم ہوئی تھی، ان کے دور میں پاکستان کرپشن انڈیکس میں پھر اوپر چلا گیا تھا۔نواز شریف نے کہاکہ ہم ایٹمی دھماکے کرتے اور یہ شہدا کے مجسمے جلاتے اور ان کی بے حرمتی کرتے ہیں، مجھے جیل میں کیوں ڈالا، جن ججز نے مجھے جیل ڈالا اور آج وہ مستعفی ہوکر گھر جارہے ہیں، انہیں پتہ ہے ان کے کرتوت برے ہیں، چور کی داڑھی میں تنکا ہے۔

بعد ازاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہارون آباد کا جذبہ ٹھنڈ میں بھی ماند نہیں پڑا، جب بے روزگار کے پاس نوکری نہیں ہوتی تو اس کو نواز شریف یاد آتا ہے۔انہوںنے کہاکہ جب روٹی مہنگی ہوتی ہے، بجلی کا بل آتا ہے، آٹا، چینی مہنگی ہوتی ہے تو لوگوں کو نواز شریف یاد آتا ہے، نواز شریف وزیراعظم بنے تو کرپشن عروج پر تھی مگرنواز شریف نے وزیراعظم بن کر کرپشن کو ختم کیا، نواز شریف نے مرغیاں،کٹے دینے کے بجائے ملک کو بڑے منصوبے دئیے۔

مریم نواز نے کہاکہ یہ سوچ رے تھے کہ ظلم کریں گے تو نواز شریف گھبرا جائیگا، یہ کہتے تھے نواز شریف کی سیاست ختم کردیں گے لیکن آج وہی نواز شریف ہیں اور وہی عوام کا سمندر ہے۔مسلم لیگ (ن)کی چیف آرگنائزر نے بتایا کہ جب نواز شریف کو سزا ہوئی تو عمران خان لوگوں کو مٹھائی کھلا رہا تھا، نواز شریف کو سزا بیٹے سے تنخواہ نا لینے پر سزا ہوئی، مگر آج ہم میں سے کسی نے خوشیاں منائی، عمران خان نے سنگین جرم کیا تھا،جب اس نے دیکھا کہ اقتدار جارہا تھا تو سائفر لہرا دیا، جھوٹ بولا۔

رہنما مسلم لیگ (ن)نے کہا کہ وزیراعظم کے سینے میں سینکڑوں قومی راز دفن ہوتے ہیں، نواز شریف نے قومی سلامتی سے نہیں کھیلا تھا، وزارت عظمیٰ سے ہٹانے کے باوجود ملکی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دی، یہ فرق ہے نوازشریف اور ان کے مخالفین میں۔انہوں نے دریافت کیا کہ کیا سیاسی جماعتیں اپنے ملک پر حملہ کرتی ہیں کیا سیاسی جماعتیں شہدا کی یادگاروں کو آگ لگاتی ہیں انہوں نے کہا کہ وعدہ کریں 8فروری کو گھر میں نہیں بیٹھیں گے، ووٹ کی پرچی آپ کی تقدیر بدل دے گی، جتنے ووٹ شیر کو ملیں گے اتنی تیزی سے ملک ترقی کرے گا۔

ہارون آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں