شوارما کھانے سے خواتین سمیت درجنوں بچوں کی حالت غیر ہو گئی

مختلف فیملیزسے تعلق رکھنے والے 35 بچوں نے ایک ہی فوڈ پوائنٹ سے شوارما کھایا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 6 اکتوبر 2023 13:20

شوارما کھانے سے خواتین سمیت درجنوں بچوں کی حالت غیر ہو گئی
ہارون آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 اکتوبر2023ء) مضر صحت شوارما کھانے سے 35 بچوں کی طبعیت خراب ہو گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ بہاولنگر کے علاقے ہارون آباد میں پیش آیا جہاں پر فوڈ پوائنٹ سے شوارما کھانے سے چار خواتین سمیت 35 بچوں کی حالت غیر ہو گئی جس پر انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔مختلف فیملیز کے بچوں نے مبینہ طور پر ایک ہی فوڈ پوائنٹ سے شوارمے خریدے تھے۔

ایمرجنسی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمود الحسن نے بتایا کہ بچوں کو فوڈ پوائزنگ ہوئی ہے۔بچوں کو اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔میڈیکل افسر ٹی ایچ کیو کا کہنا ہے کہ اسپتال میں موجود بچوں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ دوسری جانب ترجمان فوڈ اتھارٹی جنوبی پنجاب کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور کی ہدایت پر خوراک میں ملاوٹ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور ڈیرہ غازی خان کی تحصیل کوٹ چٹھہ میں بیکری کو خوراک کی تیاری میں ٹوٹے انڈوں کا استعمال کرنے پر 12 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سیف فوڈ پروجیکٹ کے حوالے سے راولپنڈی ریجن میں کارروائیاں تیز کر دیں ۔راولپنڈی میں 852 لٹر جعلی کولڈ ڈرنکس، جہلم میں 120 لٹر ملاوٹی دودھ، 75 لٹر کولڈ ڈرنکس اور 25 کلو مصالحہ جات جبکہ چکوال میں 63 پیکٹس گٹکا تلف کر دیئے گئے ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق جعلی کولڈ ڈرنکس کی فروخت پر معروف ہسپتال کی کینٹین کیخلاف ایکشن لیا گیا ہے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق جہلم میں زائد المیعاد مصالحہ جات کی فروخت پر کریانہ سٹورز کیخلاف کارروائیاں کی گئی ہیں،ملاوٹی دودھ کی سپلائی پر 1 دودھ بردار گاڑی کو جرمانہ کیا گیا ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق چکوال میں گٹکا اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت پر کریانہ سٹورز اور بیکریز کیخلاف ایکشن لیا گیا ہے۔ راجہ جہانگیر انور کے مطابق شہریوں کو معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے سیف فوڈ سٹی پراجیکٹ پر کام تیزی سے جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :

ہارون آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں