حسن ابدال: پولیس نے 6رکنی بین الصوبائی ڈکیت گروہ گرفتار کر لیا

لاکھوں روپے کی مسروقہ گاڑیاں ، موٹرسائیکل،نقد رقم اور ناجائز اسلحہ برآمد ، ملزمان کا تعلق صوبہ کے پی کے سے ہے، سنسنی خیز انکشافات کی توقع، ایس پی انویسٹی گیشن اٹک ڈاکٹر عمارہ شیرازی کی پریس کانفرنس

جمعہ 28 مئی 2021 22:39

حسن ابدال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2021ء) تھانہ صدر حسن ابدال نے 6رکنی بین الصوبائی ڈکیت گروہ گرفتار کر لیا لاکھوں روپے کی مسروقہ گاڑیاں ، موٹرسائیکل،نقد رقم اور ناجائز اسلحہ برآمد ، ملزمان کا تعلق صوبہ کے پی کے سے ہے، سنسنی خیز انکشافات کی توقع، ایس پی انویسٹی گیشن اٹک ڈاکٹر عمارہ شیرازی کی پریس کانفرنس۔ تفصیلات کے مطابق کچھ عرصہ سے تھانہ صدر حسن ابدال کی حدود میں گاڑیاں چھیننے کی وارداتوں کا سلسلہ جاری تھا جن کے ماہ فروری اور مارچ میں 3مقدمات بھی تھانہ صدر میں درج ہوئے ملزمان کا طریقہ واردات یہ تھا کہ وہ ٹیکسی گاڑی بک کرا کر جونہی کسی ویران جگہ پر پہنچتے اسلحہ کی نوک پر گاڑی چھین کر فرار ہو جاتے چنا نچہ ڈی پی او اٹک سید خالد ہمدانی نے ایس پی انویسٹی گیشن اٹک ڈاکٹر عمارہ شیرازی اور ڈی ایس پی حسن ابدال راجہ فیاض الحق نعیم کی زیر نگرانی ایس ایچ او صدر حسن ابدال نیاز احمد، انچارج آئی ٹی لیب اٹک جہانزیب خان، انچارج چوکی جھاری کس محمد اسماعیل و دیگر پر مشتمل ٹیم تشکیل دے کر ان وارداتوں میں ملوث نامعلوم ملزمان کی جلد ازجلد گرفتاری کا ٹاسک دیا جس پر پولیس ٹیم جدید اور روایتی طریقوں کے ذریعے ملزمان کی گرفتاری کے لئے سرتوڑ کوششوں میں مصروف تھی کہ اسی اثناء میں تھانہ صدر حسن ابدال کو 15سے اطلاع موصول ہوئی کہ دو نامعلوم اشخاص نے راولپنڈی سے گنگا پنڈ تحصیل حسن ابدال کے لئے ایک مہران کار نمبریLOQ9536بک کرائی انہیں لے کر جب کار ڈرائیور آفتاب احمد سبز پیر کے قریب ویران جگہ پر پہنچا تو موٹرسائیکل سوار 4نامعلوم مسلح اشخاص نے اسلحہ کی نوک پر کار کو روک لیا اور گاڑی میں سوار دونوں اشخاص نے بھی اسلحہ نکال لیا اور ان کے ساتھ مل کر ڈرائیور سے گاڑی چھین کر اسے ویران جگہ پر پھینک کر جھاری کس کی جانب فرار ہو گئے پولیس نے نامعلوم ملزمان کی فوری گرفتاری کے لئے علاقہ کی ناکہ بندی کر دی اسی دوران رات گئے بھلڑجوگی کی جانب سے مذکورہ گاڑی آتی ہوئی نظر آئی جسے روک کر پولیس نے چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا اسی اثناء میں کار کے تعاقب میں آنے والے موٹرسائیکل سوار دو اشخاص نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ہوائی فائرنگ شروع کر دی اور واپس بھلڑ جوگی کی جانب فرار ہو گئے جن کی گرفتاری کے لئے پولیس دن رات سرگرم رہی اور چند روز بعد ہی انہیں بھی گرفتار کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

ایس پی ڈاکٹر عمارہ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ملزمان نے دوران تفتیش تھانہ صدر حسن ابدال کی حدود میں ہونے والی گاڑی چھیننے کی تینوں وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا اور ان وارداتوں میں چھینی گئی تین عدد گاڑیاں مالیتی 11لاکھ، نقد رقم 3لاکھ25ہزار ، وارداتوں میں استعمال ہونے والا 70موٹرسائیکل مالیتی 35ہزار اور ناجائز اسلحہ 6عدد پسٹل30بور بمعہ 27ضرب روند بھی برآمد کر لیے گئے جبکہ ملزمان نے دورانِ تفتیش ضلع راولپنڈی میں کئی گاڑیاں چھیننے کا انکشاف بھی کیاہے ۔

پریس کانفرنس کے دوران ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے ڈی پی او اٹک سید خالد ہمدانی کا عوام الناس کے نام پیغام بھی سنایا کہ ضلع بھر میں چور اور ڈکیت گینگز کا خاتمہ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اٹک پولیس نے متعدد گینگز کو گرفتار کر کے اس بات کا عملی ثبوت بھی دیا ہے ۔ ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے حسن ابدال پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اٹک پولیس ناصرف سنگین جرائیم میں ملوث مزلمان کو گرفتار کرنا اپنا اولین فرض سمجھتی ہے بلکہ بہترین انوسٹی گیشن کے ذریعے ان ملزمان کو عدالتوں سے سزا دلوانا بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں