پی آئی اے کی نجکاری، حکومت اور مقامی قرض دینے والے بینکوں و ترقیاتی مالیاتی اداروں کے درمیان کمرشل قرضوں کے مذاکرات کامیابی سے مکمل

جمعہ 29 مارچ 2024 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) حکومت پاکستان اورقرض دینے والے مقامی بینکوں و ترقیاتی مالیاتی اداروں (ڈی ایف آئیز) کے درمیان پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز(پی آئی اے سی ایل) کی نجکاری کیلئے تجارتی قرضوں کے مذاکرات کامیابی سے مکمل ہوگئے۔ جمعہ کویہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق اس اقدام سے سکیورٹیز اینڈایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں پی آئی اے سی ایل کو قانونی طور پر علیحدہ کرنے کے لئے انتظامات کے طریقہ ہائے کار (ایس او اے) کو جمع کرانے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

وفاقی کابینہ نے 6 فروری 2006 کو پی آئی اے سی ایل کے قانونی علیحدگی کے منصوبے کی منظوری دی ۔ پی آئی اے کی نجکاری وفاقی حکومت کا ترجیحی ایجنڈا رہا ہے اور یہ پیش رفت پی آئی اے کو نجکاری کے لیے تیار کرنے کے لیے کی جانے والی سب سے پیچیدہ تنظیم نو کی مشقوں میں سے ایک ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قومی ایئر لائن میں نجی شعبے کو سرمایہ کاری کے لئے راغب کرانے کے حوالہ سے ایک قابل عمل کاروباری کیس بنانے میں مدد ملے گی۔

پریس ریلیز کے مطابق مقامی بینکوں اور مالیاتی اداروں نے حکومت کے نجکاری کے اس اقدام پر پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے پی آئی اے کے کمرشل اوراندرونی قرضوں کے انتظامات کو حتمی شکل دینے میں مکمل تعاون اورعزم کا اظہار کیا۔ معاہدے کے تحت پی آئی اے سی ایل کا کمرشل اندرونی قرضہ وفاقی حکومت کی جانب سے پی آئی اے سی ایل کی قانونی تنظیم نو کے ضمن میں قائم پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کو منتقل کیا جائے گا۔

قرضوں کی منتقلی کے تجارتی پہلوئوں پر مشتمل ٹرم شیٹ پر پی آئی اے سی ایل، پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی اور قرض دینے والے بینکوں کے درمیان گزشتہ روز دستخط کیے گئے۔ پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے امور کو تندہی اور احسن اندازمیں چلانے کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے رواں ہفتے سات رکنی آزاد بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جس میں سٹیٹ بینک کے سابق گورنر اور بینکنگ اور دیگرمتعلقہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے اہم ماہرین شامل ہیں۔

نئے بورڈ نے اسلام آباد میں ہونے والے اپنے افتتاحی اجلاس میں پی آئی اے کی نجکاری کی راہ ہموار کرنے کیلئے انتظامات کے طریقہ ہائے کار (ایس او اے) کی توثیق کر دی ہے۔ پی آئی اے سی ایل اور پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی بورڈز کی جانب سے ایس او اے کے مسودے کی منظوری کے بعد پی آئی اے سی ایل کی تنظیم نو کے لیے انتظامات کے طریقہ ہائے کار (ایس او اے) کو گزشتہ روز سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں جمع کرایا گیا۔ قومی ائیرلائنز کی نجکاری کے حوالہ سے اس اہم سنگ میل و پیش رفت کے بعد آنے والے دنوں میں پی آئی اے کی نجکاری کے لئے ممکنہ سرمایہ کاروں کی جانب سے اظہار دلچسپی (ای او آئی) طلب کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں