کاروباری برادری دنیا بھر اور خاص طور پر خطے میں ابھرنے والے مواقع پر نظر رکھیں، صدر مملکت ممنون حسین

ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات بڑھانے اور نئی منڈیاں تلاش کرنے پربھی توجہ مرکوز کی جائے، ایف پی سی سی آئی اچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب

جمعہ 20 جولائی 2018 23:58

کاروباری برادری دنیا بھر اور خاص طور پر خطے میں ابھرنے والے مواقع پر نظر رکھیں، صدر مملکت ممنون حسین
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کاروباری برادری پر زور دیا ہے کہ وہ دنیا بھر اور خاص طور پر خطے میں ابھرنے والے مواقع پر نظر رکھیں تاکہ ملک و قوم کی بہتری اور معاشی استحکام کے لئے ان سے استفادہ کیا جاسکے، ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات بڑھانے اور نئی منڈیاں تلاش کرنے پربھی توجہ مرکوز کی جائے۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں ایف پی سی سی آئی اچیومنٹ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر، فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر غضنفر بلور،سابق چیف ایگزیکٹو ٹی ڈی پی ایس ایم منیر،نائب صدر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری افتخار علی ملک،سینئر نائب صدر و چیئرمین ایوارڈ کمیٹی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہاکہ ہماری تاجراور صنعت کاربرادری نے وطن عزیز کی اقتصادی ترقی کے لیے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ بعض نامساعد حالات میں بھی ان کے پائے استقلال میں کبھی لرزش نہیں آئی اور یہ لوگ انفرادی اور اجتماعی، دونوں سطحوں پر ملک کی خدمت میں مصروف رہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز اِن دنوں انتخابی عمل سے گزر رہا ہے۔ امید ہے کہ یہ مرحلہ بخیرو خوبی گزر جائے اور آنے والی حکومت قومی ترقی کے اس عمل کو اسی رفتار کے ساتھ جاری رکھے گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ گزشتہ چند دہائیاں کئی اعتبار سے بہت مشکل رہی ہیں لیکن وہ دور اب بیت چکا ، امن وامان کی صورتِ حال مستحکم ہو چکی اور حکومت کی جانب سے توانائی کے شعبے پر بھرپور توجہ، انفراسٹرکچرکی تعمیراور بہتری کے ضمن میں عملی اقدامات اور بہترین معاشی حکمتِ عملی کے نتیجے میں ملکی معیشت اور صنعتی شعبے کی ترقی روزافزوں ہے۔ انہوں نے کہاکہ مضبوط مائیکرو اکنامک پالیسی کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں جس کی گواہی اسٹاک مارکیٹ کی کارکردگی، اقتصادی اشاریوں اور پرائیویٹ سیکٹرکی بہتری سے ملتی ہے۔

اس تناظر میں بجا طور پر توقع کی جارہی ہے کہ2050 تک پاکستان دنیا کی اٹھارھویں بڑی معیشت کی حیثیت سے ابھرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ان تھک محنت کرنی ہے ، انہوں نے اس اعتماد کا اظہارکیاکہ کاروباری برادری اس سلسلے میں کسی سے پیچھے نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ ماضی کے مقابلے میں اب اس سلسلے میں بہت سی آسانیاں میسرہیں۔

سرمایہ کاری کے لیے دی جانے والی ترغیبات اورلچک دار قوانین کی وجہ سے پاکستان خطے میں اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاری کے لیے مناسب ترین ملک بن چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری کا رجحان فروغ پذیر ہے۔ اسی طرح کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے دستیاب سہولتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے اور تاجروں کو کم ترین شرح پر قرضہ جات ، مشینری اور خام مال کی درآمد کے لیے خصوصی رعایتیں حاصل ہو رہی ہیں جبکہ بین الاقوامی سرمایہ کارپاکستان میں سو فیصدملکیت کی بنیاد پر سرمایہ کاری کرنے کے علاوہ کسی رکاوٹ کے بغیر منافع بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

صدر ممنون حسین نے توقع ظاہر کی کہ ہماری تجارتی اور صنعتی برادری ان امکانات سے بھرپور فائدہ اٹھائے گی اور وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر ے گی۔ انہوں نے کہاکہ یہ امر باعثِ اطمینان ہے کہ تاجر برادری غیر روایتی تجارت کے فروغ کے لیے بھی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ میری خواہش ہے کہ ویلیو ایڈڈ پروڈکٹس کی برآمدات بڑھانے پر توجہ مرکوز کی جائے کیو نکہ اس سلسلے میں ہماری کارکردگی میں مسلسل بہتری کے آثار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ تاجروں کی انجمنوں اور اس فیڈریشن جیسے اداروں کی بنیادی ذمے داری ہے کہ وہ دنیا بھر اور خاص طور پر اپنے خطے میں ابھرنے والے مواقع پر نظر رکھیں تاکہ ملک و قوم کی بہتری اور معاشی استحکام کے لیے ان سے فائدہ اٹھایا جاسکے۔ اس سلسلے میں پاک چین اقتصادی راہداری ایک ایسی حقیقت بن کر ابھر رہی ہے جس کی طرف پوری دنیا امید بھری نگاہوں سے دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ فیڈریشن اور اس کی رکن تنظیموں کی یہ ذمے داری ہے کہ خطے اور خاص طور پر پاکستان میں ابھرنے والے ان طاقت ور امکانات سے بھرپور استفادے کے لیے جامع حکمتِ عملی کے تحت کام کریں۔ صدر مملکت نے کہاکہ ترقی کی اس راہ پر آگے بڑھنے کے لیے ضروری ہے کہ ہماری تاجر برادری موجودہ تجارتی شراکت داروں کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور ا نھیں وسعت دینے کے علاوہ نئی منڈیاں بھی تلاش کرے۔

اس سلسلے میں وسط ایشیا ، افریقہ اور مشرق بعید کی ابھرتی ہوئی معیشتیں خاص طور پر اہمیت کی حامل ہیں۔ انہوںنے توقع ظاہر کی کہ فیڈریشن اور دیگر تجارتی تنظیمیں ان خطوں میں ابھرنے والے امکانات کا جائزہ لے کر پاکستانی تاجروں ، سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کی بھرپور رہنمائی کریں گی تاکہ نہ صرف ان خطوں تک پاکستانی برآمدات کو فروغ دیا جاسکے بلکہ دنیا کے بڑے چھوٹے سرمایہ کاروں کو بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف متوجہ کیا جائے۔

صدر مملکت ممنون حسین نے تقریب کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ امر اطمینان بخش ہے کہ فیڈریشن معاشی ، معاشرتی اور سماجی سطح پر گراں قدر خدمات سرانجام دینے والی شخصیات کی کاوشوں کے اعتراف میں ہمیشہ فراخ دلی سے کام لیتی ہے اور اس سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریب اب ایک خوب صورت روایت کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ انہوں نے ایوارڈ حاصل کرنے اور ا س تقریب کے میزبانوں کو دلی مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ روایت مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں