حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے متحرک سفارتکاری پر عمل پیرا ہے،

وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور کا عالمی سطح پر حق خودارادیت کیلئے کام کرنے والے کشمیری وفد سے گفتگو

بدھ 12 دسمبر 2018 17:10

حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے متحرک سفارتکاری پر عمل پیرا ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ایک متحرک سفارتکاری پر عمل پیرا ہے جس سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں بے حد مد د مل رہی ہے۔ انہوںنے یہ بات بدھ کو یہاں عالمی سطح پر حق خودارادیت اور تحریک آزادی کشمیر کیلئے کام کرنے والے ایک اعلیٰ سطحی کشمیری وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے برسر اقتدار آتے ہی بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل کے پرامن حل کیلئے مذاکرات کی دعوت دی اور یہ واضح کیا کہ اگر بھارت امن کی خاطر ایک قدم اٹھائے گا تو پاکستان اس کے بدلے دو قدم اٹھائے گا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی پامالی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت روزانہ کی بنیاد پر کشمیریوں کی منظم انداز میں نسل کشی کر رہا ہے جس کا عالمی برادری کو فوری نوٹس لینا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امن کی خاطر اور جذبہ خیرسگالی کے تحت کرتار پور راہداری کھولنے کا فیصلہ کیا جس کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ بھارت بھی پاکستان کے مثبت اقدامات کا مثبت انداز میں جواب دے تاکہ جنوبی ایشیاء میں دیرپا امن کی بنیاد رکھی جا سکے۔ وفد کے شرکاء نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے اور بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالی کو بے نقاب کرنے میں کی جانے والی کوششوں سے متعلق وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے سلسلہ میں وفد کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں گرانقدر خدمات دے رہے ہیں جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے سلسلہ میں بین الاقوامی لابنگ اور کانفرنسز کے انعقاد کی تجویز کو انتہائی سودمند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کہ عالمی رائے عامہ کو ہموار کرنے کے سلسلہ میں مسئلہ کشمیر پر عالمی کانفرنسز انتہائی مفید ثابت ہو سکتی ہیں۔

وفد نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں حکومت کی حالیہ کوششوں کی بھی تعریف کی۔ وفد نے پی ایس ایل میں آزادکشمیر سے بھی ٹیم شامل کرنے کی تجویز پیش کی جس پر وفاقی وزیر نے اس سلسلہ میں جلد پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کرکے معاملہ کو آگے بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔ وفد میں کشمیر امریکن کونسل واشنگٹن کے صدر ڈاکٹر امتیاز خان، ممبربورڈ آف ڈائریکٹر ورلڈ کشمیر اوئیرنس فورم واشنگٹن ڈاکٹر عبدالروف میر، قطر یونیورسٹی میں بین الاقوامی تعلقات کے پروفیسر ڈاکٹر فرحان مجاہد چک، کشمیر کمیٹی واشنگٹن کے ممبر ڈاکٹر ذوالفقار روشن خان، ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ لندن کے سینئر وائس صدر نذیر احمد قریشی، کشمیر امریکن کونسل کے ممبر ڈاکٹر یوسف، کشمیر تھنک ٹینک گروپ کے ممبر ڈاکٹر ولید رسول شیخ کے علاوہ تحریک انصاف آزادکشمیر کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل راجہ منصور خان شامل تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں