حکومت کا اسلام آباد میں14اگست سے پلاسٹک بیگ پر پابندی لگانے کا اعلان

پاکستان قدرتی آفات شدید گرم موسم ، پانی کی کمی سے متاثرہ ممالک میں ساتویں نمبر پر ہے.وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 17 جون 2019 12:48

حکومت کا اسلام آباد میں14اگست سے پلاسٹک بیگ پر پابندی لگانے کا اعلان
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 جون۔2019ء) وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے اعلان کیا وفاقی دار الحکومت اسلام آباد میں 14اگست یوم آزادی کے روز سے پلاسٹک کے بیگ کے استعمال پر پابندی ہوگی. تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے وفاقی دار الحکومت اسلام آباد میں 14اگست یوم آزادی کے روز سے پلاسٹک کے بیگ کے استعمال پر پابندی کا اعلان کردیا ہے.

وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سب سے پہلا دارالحکومت ہوگا، جہاں پلاسٹک کے بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے گی.

(جاری ہے)

زرتاج گل نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجودہ جنریشن موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے ، جبکہ پاکستان قدرتی آفات بشمول سیلاب ، شدید گرم موسم ، پانی کی کمی سے متاثرہ ممالک میں ساتویں نمبر پر ہے.

انہوں نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلی پر وزیراعظم عمران خان کی بہت زیادہ توکہ ہے اور وہ اس حوالے سے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں فوکس ہے، وزیراعظم عمران خان ملک کو درپیش موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بخوبی آگاہ ہیں. وزیر مملکت نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کو سیلاب، پانی کی کمی، ہیٹ ویوز سمیت دیگر مسائل کا سامناہے ، ان مسائل پر قابو پانے کیلئے حکومت نے بلین ٹری سونامی سمیت اہم منصوبے شروع کئے ہیں ، جس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے ، ہماری حکومت نے کلین گرین اینی شیٹو کا بھی آغاز کیا ہے.

یاد رہے 17 مئی کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں رواں برس 14 اگست سے پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا تھا. حکام نے بتایا تھا اسلام آباد میں پلاسٹک بیگ کے استعمال کے خاتمے کے لیے بھی قواعد و ضوابط بنا لیے ہیں‘خیال رہے کہ ملک کے مختلف شہروں اور ضلعوں میں بھی پلاسٹک کے استعمال اور خرید و فروخت پر پابندی عائد کی جاچکی ہے‘گزشتہ ماہ گلگت بلتستان کی وادی ہنزہ میں بھی پلاسٹک کے استعمال پر مکمل طور پر پابندی عائد کردی گئی، جس کے بعد ہنزہ پلاسٹک کو ممنوع قرار دینے والا ایشیا کا پہلا ضلع بن گیا ہے.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں