48گھنٹوں کے اندر ٹائیگر فورس میں 5 لاکھ زائد نوجوانوں نے رجسٹریشن کروالی

وزیراعظم کی جانب سے بنائی گئی کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں رجسٹرڈ افراد کی تعداد 5 لاکھ 25 ہزار سے تجاوز کر گئی، 10 ہزار سے زائد خواتین رضا کار بھی ٹائیگر فورس کا حصہ بن گئیں

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 3 اپریل 2020 22:45

48گھنٹوں کے اندر ٹائیگر فورس میں 5 لاکھ زائد نوجوانوں نے رجسٹریشن کروالی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 اپریل2020ء) 48گھنٹوں کے اندر ٹائیگر فورس میں 5 لاکھ زائد نوجوانوں نے رجسٹریشن کروالی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے بنائی گئی کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں رجسٹرڈ افراد کی تعداد 5 لاکھ 25 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور 10 ہزار سے زائد خواتین رضا کار بھی ٹائیگر فورس کا حصہ بن گئی ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق پنجاب سے3 لاکھ 56 ہزار 491 ، سندھ سے 78,543 اور خیبرپختونخوا سے 68,334 ہزار افراد رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔

اسلام آباد سے 8,021 ، بلوچستان سے 5,780، آزاد کشمیر 5,465 اور گلگت بلتستان سے2,211 رضا کار رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔ رضاکاروں کا اندراج وزیراعظم عمران خان کے سٹیزن پورٹل کے ذریعے کیا جا رہا ہے اور10 اپریل2020 تک رجسٹریشن جاری رہے گی۔ ٹائیگرز فورس میں 18 سال سے زائد عمر کے نوجوان رجسٹریشن کرا سکیں گے اور کسی بھی سیاسی جماعتوں کے نوجوان اس میں شمولیت اختیار کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

مذکورہ فورس تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ، این ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر کام کرے گی جو گھر گھر کھانا پہنچانے، کرونا سے آگاہی اور دیگر امور سرانجام دے گی۔ دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ایک کال پر چند ہی گھنٹوں میں ملک بھر سے لاکھوں نوجوانوں کی کورونا ٹائیگر فورس میں رجسٹریشن سے اپوزیشن کازہریلا پراپیگنڈا دم توڑ گیا ہے ، مختلف جماعتوں سے وابستگی رکھنے والے نوجوانوں نے مشکل کی اس گھڑی میں سیاست سے بالا تر ہو کر قوم کی خدمت کا اعلان کر کے نام نہاداپوزیشن لیڈروں کو بھی سمت دکھائی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رجسٹریشن کرانے والوںں میں نہ صرف ہمارے بیٹے بلکہ بیٹیاں بھی شامل ہیں اور سب نے سیاست سے بالا تر ہو کر خود کو ملک و قوم کی خدمت کیلئے پیش کیا ہے ۔ رجسٹریشن کرانے والے کسی بھی نوجوان بیٹے یا بیٹی نے یہ نہیں کہا کہ وہ صرف ویڈیو لنک پر بیٹھ کر اپنی خدمات دیں گے بلکہ سب نے عملی میدان میں نکلنے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں