وزیراعظم سے ملک کے معروف سرمایہ کاروں اور ممتاز کاروباری شخصیات کی ملاقات

حکومت کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے حائل تمام رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے پر عزم ہے،عمران خان تعمیرات کے شعبے کی ترقی سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اورنوکریوں کے مواقع پیدا ہونگے بلکہ معیشت مستحکم اور ویلتھ کریئیشن ممکن ہوگی،گفتگو

جمعرات 24 ستمبر 2020 22:49

وزیراعظم سے ملک کے معروف سرمایہ کاروں اور ممتاز کاروباری شخصیات کی ملاقات
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2020ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے حائل تمام رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے پر عزم ہے، تعمیرات کے شعبے کی ترقی سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ معیشت مستحکم اور ویلتھ کریئیشن (دولت کی پیداوار)ممکن ہوگی۔

جمعرات کو وزیراعظم عمران خان سے ملک کے معروف سرمایہ کاروں اور ممتاز کاروباری شخصیات نے ملاقات کی۔ وفد میں عقیل کریم ڈھیڈی، عارف حبیب، عباس مختار، فواد مختار، فیصل آفریدی، گوہر اعجاز، میاں محمد احسن، مدثر محمود، طارق رفیع، عاصم محمود، سلمان اقبال و دیگرشریک تھے۔ گورنر سندھ عمران اسمعیل، گورنر سٹیٹ بنک ڈاکٹر رضا باقر، چیئر مین نیا پاکستان ہاسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی لیفٹنٹ جنرل (ر)انور علی حیدر، و دیگر سینئر افسران بھی ملاقات میں موجودتھے۔

(جاری ہے)

سرمایہ کاروں کی جانب سے موجودہ حکومت کے دو اہم ترین منصوبوں راوی ریورفرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اور بنڈل آئی لینڈ منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دونوں منصوبوں کے حوالے سے ٹرانزیکشن اسٹرکچر مرتب کیا جا رہا ہے۔ سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات نے موافق کاروباری فضا کے حوالے سے اپنے خیالات و جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں نہ صرف کاروبار سے متعلقہ معاملات میں آسانی پیدا ہوئی ہے بلکہ بہتر پالیسیوں کی بدولت کاروباری برادری کا حوصلہ بلند ہوا ہے۔

راوی ریورفرنٹ اربن ڈویلپمنٹ اور بنڈل آئی لینڈ منصوبوں کے حوالے سے سرمایہ کاروں کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری کا کل تخمینہ آئندہ ہفتے وزیرِ اعظم کو پیش کیا جائے گا۔وزیرِ اعظم نے سرمایہ کاروں کی جانب سے دونوں منصوبوں میں گہری دلچسپی کے اظہار پر اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے شروع کیے جانے والے ان دو اہم منصوبوں میں مقامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی نہایت خوش آئند ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ تعمیرات کے شعبے کی ترقی سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ اس سے معیشت مستحکم اور ویلتھ کریئیشن (دولت کی پیداوار)ممکن ہوگی۔ انہوں نے کاروباری برادری کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے حائل تمام رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے پر عزم ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں