وزیراعظم کی زیرصدارت کراچی ٹرانسفارمیشن پلان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس

اجلاس میں وزراء سمیت آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی شرکت، وزیراعظم کی کےفور منصوبے سے متعلق کمیٹی بنانے کی ہدایت، غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات ہٹانے سے قبل لوگوں کیلئے متبادل انتظامات کیے جائیں۔ وزیراعظم عمران خان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 26 نومبر 2020 21:01

وزیراعظم کی زیرصدارت کراچی ٹرانسفارمیشن پلان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 نومبر2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کےفور منصوبے کی استعداد سے متعلق سفارشات مرتب کرنے کی کمیٹی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مسائل کی مستقل بنیادوں پر حل انتہائی ضروری ہے، برساتی پانی کے نقصانات کے حل کیلئےغیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات ہٹانے کیلئے متبادل انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کراچی ٹرانسفارمیشن پلان سے متعلق اجلاس ہوا۔ جس میں وزیرریلوے شیخ رشید، اسدعمر، فیصل واوڈا اور مشیرخزانہ حفیظ شیخ شریک ہوئے۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو ان منصوبوں پر اب تک ہونے والے پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران کہا گیا کہ کراچی ٹرانسفرمیشن پلان کے تحت 100 سے زائد منصوبوں کی منصوبہ بندی کی جاچکی ہے۔

(جاری ہے)

منصوبے 1.117 ٹریلین روپے کی لاگت سے مکمل ہوں گے۔ منصوبوں کو تکمیلی مراحل کے اعتبارسے تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کےفور منصوبے کی استعداد سے متعلق سفارشات مرتب کرنے کیلئے کمیٹی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کراچی کے مسائل کی مستقل بنیادوں پر حل انتہائی ضروری ہے۔ کراچی میں برساتی پانی سے ہونے والے نقصانات کا سبب نالوں پر غیرقانونی تعمیرات ہیں۔

کراچی میں تجاوزات ہٹانے سے پہلے وہاں کے مستحق مکینوں کیلئے پیشگی متبادل انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ مزید برآں وزیر اعظم عمران خان سے معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی و ترقی افرادی قوت سید ذوالفقار عباس بخاری نے ملاقات کی۔ جس میں ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تحت 1500 گھروں کی تعمیر کے منصوبے پر تفصیلی گفتگو کی گئی، منصوبہ معیاری اور سستی رہائش کے ساتھ ساتھ تمام بنیادی سہولیات فراہم کرے گا اور اس کا افتتاح اگلے سال جنوری میں ہوگا۔ وزیرِ اعظم نے منصوبے کو موجودہ حکومت کے عوام کیلئے سستی رہائشی کے عزم کی عملی شکل قرار دیتے ہوئے سراہا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں