بلاول بھٹو زرداری کا وفاق کی جانب سے کراچی کی صنعتوں کیلئے سوئی گیس کی فراہمی منقطع کرنے کے عمل پر تشویش کا اظہار

عمران خان منظم طریقے سے پاکستانی معیشت اور ریاستی اداروں کو تباہ کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری

جمعرات 24 جون 2021 18:07

بلاول بھٹو زرداری کا وفاق کی جانب سے کراچی کی صنعتوں کیلئے سوئی گیس کی فراہمی منقطع کرنے کے عمل پر تشویش کا اظہار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2021ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پرٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی کی صنعتوں کے لئے سوئی گیس کی فراہمی منقطع کرنے کے عمل پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ کراچی کی صنعتوں کو سوئی گیس کی فراہمی روک کر عمران خان نے ملکی معیشت پر ایک اور کاری ضرب لگائی ہے۔

انہوںنے کہاکہ تعجب کی بات ہے کہ پورے ملک میں صرف کراچی کے صنعت کاروں کے لئے گیس کی فراہمی بند کی جارہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ سندھ کی تمام 14 گیس فیلڈز میں بحالی کا کام ایک ساتھ شروع کرنے کے مبینہ دعوے کے بعد کراچی کی صنعتوں کو گیس کی فراہمی بند کی گئی۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے کراچی کی صنعتوں کے لئے گیس کی فراہمی بند کرکے نہ صرف ملکی برآمدات بلکہ صنعت کاروں کی ساکھ کو بھی داؤ پر لگادیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ آئینی طور پر سوئی گیس پیدا کرنے والے بلوچستان اور سندھ کا پہلا حق ہے کہ وہاں سب سے پہلے گیس فراہم کی جائے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ایک جانب عمران خان کی ہدایت پر سوئی سدرن گیس کمپنی نے کراچی کی صنعتوں کو گیس کی فراہمی روک دی اور دوسری جانب ادارے سے ملازمین کو بغیر وجہ اور نوٹس نکالا جارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان منظم طریقے سے پاکستانی معیشت اور ریاستی اداروں کو تباہ کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں