اپوزیشن نے گیس کی قیمتوں میں 35 فیصد اضافے کی تجویز کو مسترد کردیا

جنوبی ایشیاء میں بجلی اورگیس سب سے زیادہ مہنگی پاکستان میں ہے، حکومت آئی ایم ایف کی شرائط پوری کررہی ہے، عمران نیازی کی نااہلی سے قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے۔ صدر(ن) لیگ اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 25 ستمبر 2021 20:06

اپوزیشن نے گیس کی قیمتوں میں 35 فیصد اضافے کی تجویز کو مسترد کردیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 ستمبر2021ء) اپوزیشن نے گیس کی قیمتوں میں 35 فیصد اضافے کی تجویز کو مسترد کردیا، قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں بجلی اور گیس سب سے زیادہ مہنگی پاکستان میں ہے، حکومت آئی ایم ایف کی شرائط پوری کر رہی ہے، عمران نیازی کی نااہلی سے قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا گیس کی قیمتوں میں 35 فیصد اضافے کی اطلاعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا بجٹ تھا، حکومت اس کی شرائط پوری کر رہی ہے۔ عمران نیازی کی نااہلی سے گیس کمپنیاں تباہ ہوگئیں اور قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

آج دنیا کی سب سے مہنگی ایل این جی پاکستان خرید رہا ہے، جنوبی ایشیاء میں بجلی اور گیس بھی سب سے مہنگی پاکستان میں ہے، آج دنیا میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے اور سب سے کم آمدن بھی پاکستان میں ہے۔

واضح رہے پٹرولیم ڈویژن نے گیس صارفین کے ٹیرف میں اضافے کی سمری تیار کر لی ہے۔ 200 کیوبک میٹر تک گیس کے استعمال پر 562 روپے، 300 کیوبک میٹر پر 2ہزار 256 ہزار روپے اور 400 کیوبک میٹر پر 5ہزار95 روپے اور اس سے زیادہ کیوبک میٹر تک گیس کے استعمال پر 9 ہزار 128 روپے اضافی بل آئے گا۔قیمتوں کے اضافے کا اطلاق 100 کیوبک میٹر تک گیس استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر نہیں ہوگا۔

دستاویز کے مطابق 8 ہزار روپے والا ماہانہ بل 10ہزار 272 روپے، 14ہزار400 روپے والا ماہانہ بل 19ہزار روپے اور 25 ہزار495 روپے والا ماہانہ بل 34 ہزار 622 روپے تک پہنچ جائے گا۔ ٹیرف میں اضافے کی صورت میں 3 ہزار 733 روپے والا ماہانہ بل 4 ہزار 295 روپے تک پہنچ جائے گا۔ اس کے علاوہ 57 فیصد گیس استعمال کرنے والے 78 فیصد صارفین اضافی بوجھ سے بچ جائیں گے۔ سوئی سدرن اور سوئی نادرن گیس کمپنیوں کو گیس کے ذخائر میں کمی کا سامنا ہے، دونوں کمپنیوں کی گیس کی اوسط لاگت 683 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے۔

سوئی سدرن کی ایوریج سیل پرائس 400 ایم ایم بی ٹی یو جبکہ سوئی نادرن کی سیل پرائس 350 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے۔ آر ایل این جی کے مقابلے میں 104 روپے کم وصول ہوئے، سردیوں میں سوئی سدرن ریجن میں گیس کا استعمال 400 سے بڑھ کر 600 ایم ایم سی ایف ڈی ہوجاتا ہے اسی طرح سوئی نادرن میں گھریلو گیس کا استعمال 550 سے بڑھ کر 1200 ایم ایم سی ایف ڈی ہوجاتا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں