الیکشن کمیشن پرالزامات اورنازیبا ریمارکس

وفاقی وزرا فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 27 اکتوبر 2021 13:05

الیکشن کمیشن پرالزامات اورنازیبا ریمارکس
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 اکتوبر 2021ء) : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی وزرا فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو شوکاز نوٹسز جاری کر دئے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی وزرا فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر الزامات اور نازیبا ریمارکس سے متعلق کیس میں شوکاز نوٹس جاری کردیئے۔

قومی اخبار ایکسپریس نیوز میں شائع رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کے رکن نثار درانی اور شاہ محمد جتوئی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے فواد چوہدری اور اعظم سواتی کے الیکشن کمیشن پر الزامات اور نازیبا ریمارکس سے متعلق معاملے کی سماعت کی۔ اعظم سواتی کے معاون وکیل محمد زبیر کمیشن کی سامنے پیش ہوئے جبکہ فواد چوہدری کی جانب سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

دوران سماعت اعظم سواتی کے معاون وکیل نے کہا کہ سینیئر وکیل علی ظفر مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہوئے، کل اعظم سواتی ذاتی طور پر پیش ہوئے، آج راستے بند ہیں ، ہم بھی بہت مشکل سے الیکشن کمیشن پہنچے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ریمارکس دیئے کہ اعظم سواتی کو دو نوٹس دیے گئے ہیں ، اعظم سواتی کو ایک نوٹس فواد چوہدری کے ساتھ اور دوسرا بابر اعوان کے ساتھ پریس کانفرنس کرنے پر جاری کیا تھا، یہ اعظم سواتی کو دیا گیا دوسرا نوٹس ہے، گذشتہ روز پہلے نوٹس کی سماعت تھی، اعظم سواتی کو آج کے کیس میں بھی شو کاز نوٹس جاری کر رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعظم سواتی کے ساتھ فواد چوہدری کو بھی شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 16 نومبر تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر اعظم سواتی، فواد چوہدری اور بابر اعوان نے الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر الزامات لگائے تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں