ملک میں کورونا مثبت کیسز آج بھی 7 ہزار سے نیچے نہ آئے ‘ مزید 8 افراد جاں بحق

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 7 ہزار 195 نئے کیسز رپورٹ ہوئے‘ اس دوران مثبت کیسز کی شرح 12 اعشاریہ 53 فیصد ریکارڈ کی گئی

Sajid Ali ساجد علی پیر 24 جنوری 2022 10:52

ملک میں کورونا مثبت کیسز آج بھی 7 ہزار سے نیچے نہ آئے ‘ مزید 8 افراد جاں بحق
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 جنوری 2022ء ) پاکستان میں عالمی وباء کورونا وائرس کی پانچویں لہر کے دوران گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 8 افراد جاں بحق ہوگئے ، اس دوران مثبت کیسز کی شرح 12 اعشاریہ 53 فیصد ریکارڈ کی گئی اور ملک میں 7 ہزار 195 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد وشمار سے معلوم ہوا ہے کہ ملک بھر کورونا سے اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 29 ہزار 105 ہوچکی ہے جب کہ اس وقت تک وباء کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد بھی 13 لاکھ 74 ہزار 800 ہوچکی ہے ، جن میں سے صوبہ پنجاب میں 4 لاکھ 64 ہزار 431 ، صوبہ سندھ میں 5 لاکھ 26 ہزار 899 ، صوبہ خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 85 ہزار 340 ، صوبہ بلوچستان میں 33 ہزار 941 ، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 497 ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک لاکھ 18 ہزار 292 اور آزاد کشمیر میں 35 ہزار 400 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وباء سے ایک دن میں مزید 8 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد ملک میں وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 105 ہوچکی ہے ، جن میں سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئیں جہاں 13 ہزار 108 افراد کورونا سے انتقال کرگئے ، صوبہ سندھ میں یہ تعداد 7 ہزار 741 ہے ، صوبہ خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 975 ، اسلام آباد میں 976 ، صوبہ بلوچستان میں 367 ، گلگت بلتستان میں 187 اور آزاد کشمیر میں اب تک 751 شہری کورونا کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے گئے اور اس وقت بھی ملک بھر میں ایک ہزار 113 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔

بتایا گیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 57 ہزار 401 نئے ٹیسٹ کیے گئے ، اور مجموعی طور پر اب تک 2 کروڑ 45 لاکھ 90 ہزار 353 افراد کے ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں جب کہ اس وقت تک ملک بھر میں 12 لاکھ 69 ہزار 78 مریض کورونا وباء سے صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں