امدادی ورکرز کی بے لوث خدمت اور عزم ہم سب کیلئے ایک مثال ہے، پاکستانیوں کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

جمعہ 19 اگست 2022 16:38

امدادی ورکرز کی بے لوث خدمت اور عزم ہم سب کیلئے ایک مثال ہے، پاکستانیوں کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2022ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لوگوں کی مشکلات کے ازالے میں امدادی ورکرز کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ امدادی ورکرز کی بے لوث خدمت اور عزم ہم سب کیلئے ایک مثال ہے، آج ہم امدادی ورکرز کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں ، ان کی کاوشوں ، خدمات اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں، پاکستانیوں کی انسان دوستی اور خدمت خلق کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔

جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار انسان دوستی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام قدرتی آفات ، زلزلے اور سیلاب میں اپنے بھائیوں کی بڑھ چڑھ کر مدد کرتے ہیں، آج ہم خدمت خلق میں مصروف اور بحرانی کیفیت میں مبتلا لوگوں کو امداد پہنچانے والے ورکرز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، آج ہم تمام ہیروز کا ان کی خدمات اور قدرتی آفات میں لوگوں کو بچانے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستانیوں کی انسان دوستی اور خدمت خلق کے جذبے کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو بلوچستان ، شمالی علاقوں اور پنجاب کے حصوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، پاکستان کو سندھ اور بلوچستان میں قحط ، کورونا وبا اور جنگلات میں آگ جیسے واقعات کا سامنا بھی کرنا پڑا، ایسے حالات میں متاثرہ لوگوں کو انسانی امداد پہنچانے کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کی وجہ سے غذائی قلت اور شرح اموات میں اضافہ ہوا، آفات کی وجہ سے آبادی کے بڑے حصے کو جانی اور مالی نقصان پہنچا ہے، تمام آفات کے دوران امدادی ورکرز، سیکورٹی ادارے اور سول سوسائٹی نے متاثرہ لوگوں کی مدد کی ، آج ہم امدادی ورکرز کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں ، ان کی کاوشوں ، خدمات اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں اور لوگوں کی مشکلات کے ازالے میں امدادی ورکرز کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہیں۔ صدر نے کہا کہ آئیں عزم کریں کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی کوششوں کے ساتھ لوگوں کی بھلائی کیلئے تبدیلی لائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں