ملک میں جون، جولائی اور اگست میں معمول سے کم بارشوں کی پیشگوئی

تیزی سے برف پگھلنے کے باعث دریاؤں میں پانی کا بہاؤ زائد رہ سکتا ہے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 4 جون 2023 19:47

ملک میں جون، جولائی اور اگست میں معمول سے کم بارشوں کی پیشگوئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 جون 2023ء ) محکمہ موسمیات نے جون، جولائی اور اگست 2023 کی آئوٹ لک رپورٹ جاری کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے بیشتر مقامات پر جون، جولائی اور اگست کے دوران معمول سے کم بارشیں متوقع ہیں، شمالی علاقہ جات کے چند مقامات پر معمول سے کچھ زیادہ بارشیں ہوسکتی ہیں، بلوچستان کے ساحلی علاقوں سمیت مغربی حصے میں بھی معمول کے مطابق بارشیں ہوسکتی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ درجہ حرارت کے بڑھنے سے کے پی کے بالائی علاقوں، گلگت بلتستان اور کشمیر میں پہاڑوں کی برف پگھلنے کا عمل بڑھ سکتا ہے، تیزی سے برف پگھلنے کے باعث دریائوں میں پانی کا بہاو زائد رہ سکتا ہے، اس سیزن میں کم بارشیں اور زائد درجہ حرارت غالب رہ سکتے ہیں ملک کے جنوبی حصے میں خریف کی فصلوں اور سبزیوں کے لئے اضافی آب پاشی کی ضرورت ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

ادھر محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کردی، مغربی ہوائیں ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی،مغربی ہوائیں آنے والے ہفتے میں وقفے وقفے سے اثراندازہوں گی، اس دوران آزاد کشمیراورگلگت بلتستان کےاکثر مقامات چترال، دیر،سوات،مانسہرہ،ایبٹ آباد،چارسدہ ،پشاور،نوشہرہ،صوابی،مردان اورکوہاٹ میں بارش کاامکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث ملک میں جاری گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے، اسلام آباد،مری، گلیات راولپنڈی اٹک جہلم چکوال میں آندھی کےساتھ بارش کا امکان ہے، سرگودھا،میانوالی،خوشاب،بھکر سمیت پنجاب اور بلوچستان اوربالائی سندھ میں جکھڑچلنے کےساتھ بارش کاامکان ہے۔                                                                                                               

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں