مذموم کوشش کے بعد پی ٹی آئی کا سعودی عرب مخالف بیان سے لاتعلقی مضحکہ خیز ہے،بیرسٹر عقیل

تحریک انصاف نے باقاعدہ سوچ سمجھ کر شیر افضل مروت سے بیان دلوایا،کہ شیر افضل مروت نے ایسے وقت الزام عائد کیا جب سعودی وفد پاکستان کے دورہ پر تھا،بیان

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 18 اپریل 2024 12:42

مذموم کوشش کے بعد پی ٹی آئی کا سعودی عرب مخالف بیان سے لاتعلقی مضحکہ خیز ہے،بیرسٹر عقیل
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اپریل2024 ء) حکومتی ترجمان برائے قانونی امور بیرسٹر عقیل کا کہنا ہے کہ مذموم کوشش کے بعد پی ٹی آئی کا سعودی عرب مخالف بیان سے لاتعلقی مضحکہ خیز ہے،تحریک انصاف نے باقاعدہ سوچ سمجھ کر شیر افضل مروت سے بیان دلوایا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شیر افضل مروت نے ایسے وقت الزام عائد کیا جب سعودی وفد پاکستان کے دورہ پر تھا۔

رہنما پی ٹی آئی کا بیان سعودی سرمایہ کاری میں رخنہ ڈالنے کی گھناو¿نی سازش ہے۔ماضی میں تحریک انصاف نے دوست ممالک پر اس طرح کا الزام عائد کیا تھا اورانہیں ناراض کیا تھا۔ ملک میں آنے والی سرمایہ کاری میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوششیں کیں تھیں۔وزیراعظم شہباز شریف کی کامیاب سفارت کاری کے باعث سعودی عرب و دیگر دوست ممالک پاکستان میں سرمایہ لانے پر راضی ہوئے ہیں اور ملک میں عنقریب میگا پروجیکٹس شروع کئے جائیں گے جس سے معیشت میں بہتری کے امکانات ہیں ۔

(جاری ہے)

لیکن سازشی ٹولے کی ہمیشہ سے یہ خواہش رہی کہ پاکستان کی ترقی میں رکاوٹیں کھڑی کی جائیں ۔واضح رہے کہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں شیر افضل مروت نے کہا تھا کہ رجیم چینج آپریشن میں سعودی عرب بھی ملوث تھا، سعودی عرب اور امریکا کے تعاون سے رجیم چینج آپریشن ہواتھا۔انہوں نے کہاتھا کہ پاکستان میں جتنی بھی سرمایہ کاری آ رہی ہے وہ اسی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔

بعدازاںپاکستان تحریک انصاف نے رجیم چینج میں سعودی عرب کو ملوث قرار دینے کے پارٹی رہنما شیر افضل مروت کے بیان سے اظہار لاتعلقی کردیا تھا۔ترجمان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ رجیم چینج آپریشن میں سعودی عرب کے کردار سے متعلق شیر افضل مروت کے خیالات حقائق کے منافی ہیں اور پی ٹی آئی اس بیان سے مکمل اظہار لاتعلقی کرتی ہے۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف اور بانی پی ٹی آئی عمران خان سعودی عرب کو نہایت قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔بانی پی ٹی آئی کا سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے باہمی احترام کا تعلق ہے۔ترجمان کا کہنا تھاکہ شیر افضل مروت کا موقف ان کی ذاتی رائے ہے جسے پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کی بالکل تائید حاصل تھی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں