پاک چین شراکت داری ہمارے سفارتی تعلقات کی مضبوطی کی نشاندہی کرتی ہے ،فرح ناز اکبر

حکومت کی پوری خواہش اور توجہ ہے کہ اپنی نوجوان نسل کو جدید علوم وفنون،سائنس و ٹیکنالوجی میںآگے لے کر جائیں تاکہ پاکستان ایجادات کی دنیا میں بھی سب سے آگے ہو،رکن قومی اسمبلی

اتوار 5 مئی 2024 16:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2024ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی رکن قومی اسمبلی و مسلم لیگ(ن) شعبہ خواتین اسلام آباد کی صدر فرح ناز اکبر پاکستان کے پہلے خلائی مشن’’آئی کیوب کیو‘‘کی روانگی پر قوم کو دلی مبارکبادا ور انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کی کورکمیٹی، اس کے رکن ڈاکٹر خرم خورشید،سپارکو سمیت تمام ٹیم خاص طورپر پراجیکٹ میں حصہ لینے والے طالب علموں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ ستاروں پرکمندیں ڈالنے کا دن ہے،سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، مستقبل میں ہمیں اندھیروں کی پیمائش کرنے کے بجائے اجالے شمار کرناہوں گے،شاندار کارنامہ ہمارے سائنسدانوں ،انجینئروں اور تکنیکی ماہرین کی لگن ،مہارت اور وژن کا ثبوت ہے کہ آج پاکستان اس خواب کو بھی حقیقت میں بدل پایاہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ یہ ہماری قوم کی ترقی اور جدت کی علامت ہے، یہ کامیابی خلائی تسخیر،سائنسی تحقیق اور تکنیکی ترقی میں ایک نئے دور کا آغاز کرے گی، ہمالیہ سے بلند ،سمندر سے گہری اور شہد سے میٹھی پاک چین دوستی خوشبوئوں کی سرحد سے آگے نکل کر آج خلائوں کی سرحد بھی پارکرچکی ہے،پاک چین شراکت داری نہ صرف ہمارے سفارتی تعلقات کی مضبوطی کی نشاندہی کرتی ہے بلکہ غیر معمولی اہداف کے حصول میں اتحاد کے کردار کو بھی اجاگرکرتی ہے،۔

مسلم لیگی رہنما نے کہاکہ پاکستان کا لنگر خانوں سے نکل کر سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں قدم رکھناخوش آئند ہے، تاریخ خود کو دہراتی ہے یہ سناتھا اور دیکھا نہیں تھا اور آج دیکھ بھی لیا،28مئی1998ء کو قائد مسلم لیگ(ن) و سابق وزیراعظم نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کو ایٹمی پاور بنایا اور 3مئی2024ء کو وزیراعظم شہبازشریف کے دور اقتدار میں سٹلائٹ مشن چاند کے تاریخی سفر پر روانہ ہوگیا اور پاکستان چاند پر جانے والا پہلا اسلامی اور دنیا کا چھٹاملک بناگیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ8ممالک میں سے صرف پاکستان کے منصوبے کو قبول کیاجانا ہمارے سائنسدانوں اور ماہرین کی قابلیت کا اعتراف ہے،یہ تکنیکی ترقی کے سفر کا بہت تاریخی لمحہ ہے اس اہم کامیابی سے پاکستان خلاء کے بامقصد استعمال کے نئے دو رمیں داخل ہوگیا ہے، یہ کامیابی سٹیلائٹ کمیونیکیشن کے شعبے میں پاکستان کی صلاحیتوں کو بڑھائے گی، سائنسی تحقیق،اقتصادی ترقی اور قومی سلامتی کیلئے نئے مواقع بھی پیدا کرے گی۔

رکن قومی اسمبلی فرح ناز اکبر نے مزید کہاکہ پاکستان کے بیٹوں نے ثابت کیا کہ وہ خلائوں کو بھی تسخیر کرنے کی صلاحیت جذبہ اور مہارت رکھتے ہیں،اللہ تعالیٰ نے چاہا تو28مئی1998ء کی طرح خلائوں اور معاشی اوج کمال کو بھی پہنچیںگے اور میاں نوازشریف کی قیادت میں وزیراعظم شہبازشریف اور وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی پوری کوشش اور توجہ ہے کہ اپنی نوجوان نسل کو جدید علوم وفنون،سائنس و ٹیکنالوجی میںآگے لے کر جائیں تاکہ پاکستان ایجادات کی دنیا میں بھی سب سے آگے ہو۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں