معاملات کو سدھارنے کا راستہ پارلیمنٹ ہی ہے،خورشید شاہ

سٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی خواہشمند پارٹی کے ساتھ معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے، سب کو مل بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کرنا ہو گا،میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 23 مئی 2024 11:19

معاملات کو سدھارنے کا راستہ پارلیمنٹ ہی ہے،خورشید شاہ
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 مئی 2024 ) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماءخورشید شاہ کا کہنا ہے کہ معاملات کو سدھارنے کا راستہ پارلیمنٹ ہی ہے،سٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی خواہشمند پارٹی کے ساتھ معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے، سب کو مل بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کرنا ہو گا،مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اور دیرپا حل ضروری ہے۔اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے رہنماءپیپلزپارٹی نے کہا کہ سارے مسائل کا حل مذاکرات ہے ۔

نفرت کی سیاست کو ختم کرنا ہوگا۔ہم نے پہلے پی ٹی آئی کو حکومت سازی کی دعوت دی جو انہوں نے مسترد کر دی۔جو بہتر فیصلے کرے گا وہ عوام کی نظروں میں معتبر ہو گااس پر تنقید نہیں ہو گی۔ عدلیہ کے ساتھ ظلم خود عدلیہ نے شروع کیا اور اب یہ عدلیہ کو خودہی ختم کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

ملک کی اعلیٰ ترین عدلیہ نے فردِ واحد کے حکم کو متفقہ آئین پر ترجیح دی، آمروں کو ماورائے آئین تحفظ دینے سے جمہوریت کو پنپنے کا موقع نہیں ملا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روزقائم مقام صدر مملکت یوسف رضا گیلانی نے تحریک انصاف کو مذاکرات کی دعوت دی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ گفتگو کا راستہ کھلا رہنا چاہیے، ملک کیلئے سب کو ایک میز پر بیٹھنا ہوگا۔ تحریک انصاف بھی مذاکرات پر آئے،سابق وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو نے بھی کبھی مذاکرات کا راستہ نہیں چھوڑاتھا،ہمارے ملک میں اگر قتل بھی ہو جائے تو ٹیبل پر بیٹھنا ہوگا۔

قائم مقام صدر مملکت نے کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے مزار پر حاضری کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے ایک کمیٹی بنائی تھی۔ مجھے یاد ہے اس وقت شاہ محمود قریشی سمیت اور لوگ بھی اس کمیٹی میں تھے ہم نے اس وقت انہیں انتخابات کی تاریخ دے دی تھی پھر انہوں نے کہا ہم پوچھ کر بتائیں گے میں نے اس وقت ان کو کہاتھا کہ آپ نے خیبرپختونخواہ اور پنجاب اسمبلی توڑ کر غلطی کی ہے۔پاکستان میں مسائل ضرور ہیں، حکومت کے ساتھ مل کر پاکستان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، حکومت جو بھی اچھے کام کرے گی، ان میں اس کا ساتھ دیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں