مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر بارے اپنی پروپیگنڈہ مہم تیز کر دی ہے، فاروق رحمانی

جمعرات 18 اپریل 2024 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سینئر رہنما اور جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی کی بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموںوکشمیر کے حوالے سے اپنی پروپیگنڈہ مہم میں شدت لائی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں ایک بیان میں کہا کہ اس وقت جب اقوام متحدہ اور رکن ممالک کی ساری توجہ مشرق وسطیٰ اور یوکرین کی طرف مبذول ہے ،مودی کی زیر قیادت بی جے پی کی فرقہ پرست بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے بارے میں اپنی پروپیگنڈہ مہم میں تیزی لائی ہے اور اس نے نہتے کشمیریوں کو بڑے پیمانے پر نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں کسی کی جان وعزت محفوظ نہیں اور ہرطرف خوف و دہشت کا ماحول ہے ۔ محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ بی جے پی کشمیریوں کو دہشت زدہ ان کی جائیدادوں پر قبضہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی ہندو توا حکومت کشمیریوں کو محض اس وجہ سے یہ ساری سزا دے رہی ہے کیونکہ وہ تنازعہ کشمیر کے مستقل حل کے لیے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کر رہے ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی حالت زار کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیشن تشکیل دے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں