آزادجموں و کشمیر کے ادارے ٹیوٹا اور وفاقی ادارے نیوٹیک کے درمیان جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں مفاہمت کی یاداشت پر دستخط

جمعرات 18 اپریل 2024 21:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2024ء) آزادجموں و کشمیر کے ادارے ٹیوٹا (TEVTA) اور وفاقی ادارے نیوٹیک(NAVTTC) کے درمیان جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے گئے ۔۔ایگزیگٹو ڈائریکٹر نیوٹیک عامر جان اور چیئرمین ٹیوٹا چوہدری فرید احمد نے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے ۔تقریب میں وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق ،موسٹ سینئر وزیر کرنل(ر) وقار احمد نور ،وزیر ٹیوٹا سردار عامر الطاف شریک ہوئے ۔

چیف سیکرٹری آزادکشمیر داؤد محمد بڑیچ ، چیئرمین نیوٹیک محترمہ گلمینہ بلال ،ڈی جی معین حسن کھوکھر ،ڈی جی حفیظ عباسی نے بھی شرکت کی ۔مفاہمت کی یاداشت کی روشنی میں حکومت پاکستان کے تعاون سے ٹیوٹا کے ساتھ پندرہ سو افراد کو جدید ترین ٹریڈز میں فنی تربیت فراہم کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

تربیت مکمل ہونے پر یہ افراد نہ صرف باعزت روزگار حاصل کرنے کے قابل ہوں گے بلکہ بیرون ملک سے قیمتی زرمبادلہ بھی لائیں گے۔

تربیت پر اٹھنے والے اخراجات بشمول تربیتی فیس، رھائش اور میس ،حکومت برداشت کرے گی۔ منتخب امیدوارروں کو ملک کے بہترین ادارہ جات میں تربیت دی جائے گی۔خواتین کے لئے تیس فیصد کوٹہ مختص ہوگا۔کم آمدنی والے خاندانوں کے افراد، دیہات میں رہائش پذیر افراد اور مدارس کے طلبہ بھی شامل ہونگے ۔تربیتی عمل پانچ مراحل میں مکمل ہو گا ایک مرحلے میں تین سو نوجوانوں کو فنی تربیت دی جائے گی۔

وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے اس موقع پر مفاہمت کی یاداشت کو خوش آئند قرار دیا اور کہاکہ باصلاحیت، پر عزم اور محنت کرنیکا جذبہ رکھنے والے جوان سامنے آئیں اور اس موقع سے بھرپور فائدی اٹھائیں ، نیوٹیک کے اعلی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، آزادکشمیر کے نوجوانوں کو سکل ڈویلپمنٹ کا نادر موقع ملے گا۔ منصوبے سے تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو اپنا روزگار شروع کرنے کا موقع ملے گا۔منصوبہ سے بیروزگاری کم کرنے میں مدد ملے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں