اسلام آباد پریس کلب کے باہر سیاسی و سماجی جماعتوں کے ورکرز کا احتجاجی مظاہرہ

وزیراعظم دورہ امریکہ پر ٹرمپ سے ملاقات اور جنرل اسمبلی میں ڈاکٹر عافیہ کا معاملہ اُٹھائیں،عافیہ کے بغیر کوئی ڈیل نہ کی جائے،عافیہ کی واپسی قومی غیرت کا اہم ترین معاملہ ہے،پاکستانی قوم کی بیٹی عافیہ اور کشمیر کی عافیائیں دنیا بھر میں مظلومیت کی داستان بن گئیں ہیں،عافیہ کی وطن واپسی کے اقدام سے بھارتی جارحانہ عزائم کو توڑ کر قوم کا مورال بلند کیا جائے، ، رہنمائوں کا خطاب

جمعہ 20 ستمبر 2019 23:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2019ء) اسلام آباد پریس کلب کے باہر مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں کے رہنمائوں اور ورکرز نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے دوسرے دورہ امریکہ ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کو قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کے لئے ایک اور نیا سنہری موقع قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان اور پی ٹی آئی حکومت الیکشن مہم کے دوران قوم سے کیا گیا عافیہ کی واپسی کا وعدہ وفا کریں۔

عافیہ کے بغیر کوئی ڈیل نہ کی جائے،عافیہ کی واپسی قومی غیرت کا اہم ترین معاملہ ہے۔ وزیراعظم دورہ امریکہ پر ٹرمپ سے ملاقات اور جنرل اسمبلی میں ڈاکٹر عافیہ کا معاملہ اُٹھائیں۔

(جاری ہے)

پاکستانی قوم کی بیٹی عافیہ اور کشمیر کی عافیائیں دنیا بھر میں مظلومیت کی داستان بن گئیں ہیں۔اسلام آباد پریس کلب کے باہر جمعہ کو منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی اسلام آباد کے صدر سید مستنیر الحسن گیلانی ، ڈیفنس آف ہیومن رائیٹس کی سربراہ آمنہ مسعود جنجوعہ، حاجی گل رحمان صافی،مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے رہنماء بلال ربانی ، سیاسی و سماجی رہنماء امجد شاہ ،طارق جدون ،معید خان نے خطاب کیا۔

اس موقع پرپروفیسر افتخار آفریدی، حضرت علی ،شاہد شمسی،چوہدری آس محمد میو، احمد میاں،جان محمد ، عرفان ،رائٹرمیرافسر، اسد بن اعظم و دیگر بھی موجود تھے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ عافیہ کی وطن واپسی سے بھارتی جارحانہ عزائم کو توڑ کر قوم کا مورال بلند کیا جائے۔ چھ ماہ سے پاکستانی قونصلرجنرل نے جیل کا دورہ بھی نہیں کیا اورنہ ہی وزارت خارجہ نے عافیہ سے ملاقات کی سابقہ رپورٹ شیئر کی ہے۔

ڈاکٹرعافیہ نے وزیر اعظم عمران خان کو وزارت عظمیٰ سنبھالنے پر مبارکباد کے خط میں اپنی رہائی کی اپیل کی تھی ۔ عافیہ کی رہائی میں تاخیر اور امریکی جیل سے خیریت کی خبر نہ ملنے کی وجہ سے عافیہ فیملی اور عوام پریشان ہیں۔قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی والدہ عصمت صدیقی کی علالت شدت اختیار کرتی جارہی ہے۔ پوری قوم سے اپیل ہے کہ ان کی صحتیابی اور ڈاکٹر عافیہ کی جلد رہائی اور وطن واپسی کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں۔عافیہ کی والدہ عصمت صدیقی، جرم بے گناہی کی پاداش میں امریکی جیل میں قید اپنی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو بار بار یاد کررہی ہیں۔ انہوں نے بستر علالت سے وزیراعظم عمران خان کو خط بھی ارسال کیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں