اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے پیش کرنے پر مزید 24 ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت بحال

جمعہ 24 جنوری 2020 18:09

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2020ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے پیش کرنے پر جمعہ کو مزید 24 ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت بحال کر دی اور انہیں سینیٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے کام کرنے کی اجازت دیدی ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ذرائع کے مطابق اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر جن اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کی گئی تھی انہوں نے اب اپنے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے جمع کرا کے الیکشن کمیشن کے متعلقہ قوانین کے تمام تقاضے پورے کر دیئے ہیں جس پر ان کی رکنیت بحال کی جا رہی ہے۔

جن اراکین کی رکنیت بحال کی گئی ہے ، ان میں قومی اسمبلی کے 4، پنجاب اسمبلی کے 9، سندھ اسمبلی کے 5، خیبرپختونخوا اسمبلی کے 5 اور بلوچستان اسمبلی کا ایک رکن شامل ہے۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن نے اپنے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے جمع نہ کرانے پر 318 اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کر دی تھی۔ الیکشن رول 2017ء تقاضا کرتا ہے کہ ہر رکن اسمبلی و سینیٹ ہر سال یکم دسمبر سے قبل الیکشن کمیشن کے پاس اپنے اور بیوی، بچوں کے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں