آرٹ اور ثقافت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید پامالی کی عکاسی کا ایک اچھا ذریعہ ہے

پارلیمانی سیکرٹری ثوبیہ کمال کا یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے ثقافتی شو کے موقع پر خطاب

منگل 28 جنوری 2020 16:31

آرٹ اور ثقافت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید پامالی کی عکاسی کا ایک اچھا ذریعہ ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2020ء) پارلیمانی سیکرٹری امور کشمیر وگلگت بلتستان ثوبیہ کمال نے کہا ہے کہ آرٹ اور ثقافت بھی مقبوضہ کشمیر میں ابتر انسانی حقوق کی شدید پامالی کی عکاسی کا ایک اچھا ذریعہ ہے، پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں فنکاروں نے ثقافتی شو میں اپنی صلاحیتوں کو بہترین انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے حالات کی بہترین عکاسی کی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشل کونسل آف آرٹس اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے منعقدہ ایک ثقافتی شو کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بین الاقوامی سطح پر بھی اس قسم کے ثقافتی شوز سے مقبوضہ کشمیر کے حالات کی بہتر انداز میں عکاسی کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کشمیر سے خون کا رشتہ ہے اور پاکستان دنیا کے تمام فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں کے ایک مضبوط اور بہترین وکیل اور سفیر کے طور پر سامنے آئے ہیں اور ان کی کوششوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر سال میں دوسری مرتبہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں زیر بحث آیا ہے۔ ثوبیہ کمال نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے اس سال تقاریب کا آغاز 10 دن پہلے ہی شروع کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم یکجہتی سے بھرپور پیغام ایل او سی کے دونوں اطراف پہنچا رہی ہے اور اس عزم کا اظہار کر رہی ہے کہ حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیر یوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان اعجازاحمد خان، جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر محمد عظیم خان لغاری، جوائنٹ سیکرٹری گلگت بلتستان کونسل سمیع اللہ خان کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں