پاکستان خطے خصوصاً افغانستان کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے ‘ہمایوں اخترخان

عمران خان نے خارجہ سطح پر درست فیصلوں سے خود کودور اندیش اور مدبر لیڈرثابت کیا ہے‘ سینئر مرکزی رہنماء

ہفتہ 31 جولائی 2021 12:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ بہترہوتے معاشی اشاریے حزب اختلاف کے منفی پراپیگنڈے کا جواب ہیں ،پاکستان خطے خصوصاً افغانستان کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے ،وزیر اعظم عمران خان نے ہر کڑے وقت میں ثابت کیا ہے کہ انہیں پاکستان کا مفاد سب سے زیادہ مقدم ہے ،کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پارٹی کے اکابرین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ہمایوں اخترخان نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے اور انفرادی طو رپر ہر طرح کی سیاسی مشقیں کر کے دیکھ چکی ہیں اور ان پر واضح ہو گیا ہے کہ عوام وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں سے مطمئن ہیں اور ان کے کسی بہکاوے میں نہیں آئیں گے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم عمران خان نے خارجہ سطح پر بروقت اور درست فیصلوں سے ثابت کیا ہے کہ وہ ایک دور اندیش اور مدبر لیڈرہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی طور پر بہتری کی جانب گامزن ہے جس کا ثبوت وزارت خزانہ کی تازہ ترین معاشی آئوٹ لک رپورٹ ہے ، درآمدات بڑھنے کی وجہ بڑی صنعتوںکیلئے مشینری کامنگوایا جاناہے جو انڈسٹری کے ترقی کرنے کی نویدہے ۔

ہمایوں اخترخان نے کہا کہ خطے کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہے لیکن پاکستان کی حکومت اور قومی سلامتی کے ادارے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایک پیج پر ہیں اور انہیں عوام کی بھرپور سپورٹ حاصل ہے اور یہی اصل تقویت ہے جس سے ہمارے دشمن خوفزدہ ہیں ۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ہر کڑے وقت سے سرخرو ہو کر نکلے گا اور دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں