وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد کا دورہ پمز ، شام کے اوقات میں او پی ڈی کا افتتاح

منگل 16 اپریل 2024 00:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت، ڈاکٹر ملک مختار احمد نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے مختلف شعبوں کا ایک جامع دورہ کیا تاکہ صحت کے لئے فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا جا سکے۔ دورے کے دوران، انہوں نے ہیلتھ کیئر کی فراہمی کو بڑھانے اور تمام شہریوں کے لیے معیاری خدمات کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی حکومت کے عزم پر زور دیا۔

وفاقی سیکرٹری برائے صحت افتخار علی شلوانی اور پمز انتظامیہ کے سینئر حکام کے ہمراہ کوآرڈینیٹر برائے صحت نے آؤٹ پیشنٹ کلینک، سرجیکل یونٹس اور تشخیصی سہولیات سمیت مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر ملک مختار احمد نے کہا کہ اس وزٹ کا مقصد ہسپتال کو درپیش آپریشنل چیلنجز کے بارے میں جاننا اور بہتری کے لیے شعبوں کی نشاندہی کرنا تھا۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران ڈاکٹر ملک مختار احمد نے پمز میں ایوننگ آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی) کا افتتاح کیا۔اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عوام کو فراہمی صحت کے لئے کئے جانے والے اقدامات میں یہ ایک اہم سنگ میل ہے جس کا مقصد علاج و معالجے کی رسائی کو معمول کے اوقات کار سے آگے بڑھانا ہے۔ شام کی او پی ڈی ان مریضوں کو سہولت فراہم کرے گی جو کام یا دیگر مصروفیات کی وجہ سے دن کے وقت ہسپتال جانے سے قاصر ہیں۔

ڈاکٹر ملک مختار احمد نے پمز کی طرف سے فراہم کی جانے والی صحت کی خدمات بشمول پیشنٹ کئیر، انفراسٹرکچر، طبی آلات، اور عملے کی صلاحیت کے معیار کا جائزہ بھی لیا۔ اس دوران انہوں نے جدید آلات سے لیس نئے تعمیر ہونے والے آپریشن تھیٹر اور لیبز کا بھی وزٹ کیا جہاں انہیں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سروسز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کوآرڈینیٹر برائے صحت نے کہا کہ شام کی او پی ڈی کا افتتاح ہیلتھ سروسز کے چیلنجز سے نمٹنے اور عوام کے لیے صحت کی خدمات تک رسائی کو بڑھانے کے لیے حکومت کے فعال انداز کی عکاسی کرتا ہے۔ انفراسٹرکچر ، ہیومن ریسورس، اور ہیلتھ کیئر کے جدید ماڈلز اپنا کر حکومت کا مقصد صحت کے نتائج کو بہتر بنانا اور تمام شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں