یو ایس ایڈ کا پاکستان میں 10 ملین ڈالر کے موسمیاتی فنانسنگ اقدام کا آغاز

بدھ 17 اپریل 2024 17:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) نے 10 ملین ڈالر تک کی پاکستان کلائمیٹ فنانسنگ ایکٹیویٹی کا آغاز کیا ہے، یہ چار سالہ پروگرام ہے جسے یو ایس ایڈ کے ذریعے مالی اعانت فراہم کی گئی ہے۔ پروگرام کا مقصد پاکستان میں موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنا اور اس سے منسلک معاشی پائیداری کو بڑھانا ہے۔

یہ پروگرام پاکستان میں قدرتی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینے اور موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے امریکی حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہےاور امریکہ پاکستان "گرین الائنس" کے فریم ورک کی ایک اہم کڑی ہے۔یو ایس ایڈ کی پاکستان کلائمیٹ فنانسنگ ایکٹیویٹی کم کاربن بنانے والی آب و ہوا کے لیے لچکدار معیشت کی طرف منتقلی میں مدد کرے گی۔

(جاری ہے)

تکنیکی معاونت کے ذریعے اس اقدام کا مقصد موسمیاتی تخفیف، لچک اور موافقت کی کوششوں کے لیے سرکاری اور نجی، گھریلو اور بین الاقوامی مالیات کو متحرک کرنا ہے۔ اسلام آباد میں منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں حکومتی اور نجی شعبوں کے نمائندوں کے علاوہ ترقیاتی شراکت دار اور مالیاتی شعبے سے منسلک شخصیات بھی شامل تھیں۔تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے یو ایس ایڈ کی ڈپٹی مشن ڈائریکٹر مورا اوبرائن نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان کلائمیٹ فنانسنگ ایکٹیویٹی موسمیاتی لچک کے شعبے میں موجود خلا کو پُر کرے گی اور موجودہ ضروریات کو پورا کرے گی جو پاکستان کی موسمیاتی تبدیلیوں کا موثر طور پر سامنا کرنے کی صلاحیت کو آگے بڑھائے گی۔

یو ایس ایڈ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے وزیراعظم کی نمائندہ برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید نے کہاکہ حکومت پاکستان امریکہ کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتی ہے جس کا مقصد ہمارے ملک کی موسمیاتی لچک، تخفیف اور موافقت کی کوششوں کو تقویت دینا ہے۔پاکستان کلائمیٹ فنانسنگ ایکٹیویٹی موسمیاتی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے یو ایس ایڈ کے عالمی فلیگ شپ اقدام سے ہم آہنگ ہے۔ اس اقدام کا مقصد سرکاری اور نجی شعبوں کی سرمایہ کاری کے ذریعے موسمیاتی لچک اور موافقت کے لیے پاکستان کی صلاحیت کو مضبوط کرنا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں