وزیرخارجہ اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیراعظم مقرر کر دیا گیا، کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا، فوری نافذ العمل ہوگا

اتوار 28 اپریل 2024 21:00

! اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2024ء) وزیرخارجہ اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیراعظم مقرر کر دیا گیا۔حکومت نے ن لیگ کے مرکزی رہنما و وزیرخارجہ اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیراعظم مقرر کیا ہے جس کا کابینہ ڈویڑن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جو فوری نافذ العمل ہو گا۔چوہدری پرویز الٰہی اس سے قبل نائب وزیراعظم رہ چکے ہیں۔ آئین میں نائب وزیراعظم کاعہدہ موجود نہیں ہے۔

تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ نائب وزیراعظم اب وزیر خارجہ کی ذمے داریاں بھی انجام دیں گے یا حکومت کسی اور کو وزیر خارجہ کا منصب سونپے گی۔آئین میں نائب وزیراعظم کا باقاعدہ کوئی عہدہ نہیں ہے۔ نائب وزیراعظم پاکستان کا عہدہ 25 جون 2012 کواس وقت کے وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے تخلیق کیا۔راجا پرویز اشرف نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد مسلم لیگ (ق) کے مطالبے پر چوہدری پرویز الہٰی کو نائب وزیراعظم کا عہدہ دیا۔

(جاری ہے)

یوں پرویز الہٰی پاکستان کے پہلے نائب وزیراعظم قرار پائے۔1950 میں جنم لینے والے محمد اسحٰق ڈار سن 80 کی دہائی کے اواخر سے سیاسی منظر نامے پر، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلسِ عاملہ کے رکن کی حیثیت سے موجود ہیں۔سینیٹ میں اپویشن لیڈر، اسحٰق ڈار کو مالیات و اقتصادیات کے شعبے میں ان کی اہلیت کی بنا پر قابلِ تعظیم نگاہوں سے دیکھا جاتا ہے۔وہ 99-1997 پر محیط نواز شریف کے دوسرے دورِ حکومت میں وفاقی وزیرِ خزانہ، اقتصادی امور، ریونیو اور شماریات رہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اہم شخصیت خیال تصور کیے جانے والے اسحٰق ڈار 2002 سے پارٹی کے عالمی امور کی نگرانی کرتے آرہے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں