”او آئی سی“ کے سیکرٹری جنرل سے مقبوضہ جموںوکشمیر کی ابتر صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل

جمعہ 3 مئی 2024 21:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2024ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ نے اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی ) کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کی ابتر صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کشمیریوں کو عالمی ادارے کی پاس کردہ قرار دادوں کے مطابق انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کریں۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے سیکرٹری جنرل کے نام خط میں لکھا کہ”مودی حکومت اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ متنازعہ خطے میں جموںوکشمیر میں پارلیمانی انتخابات کا انعقاد کرا کے علاقے کی اصل صورتحال سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے لکھا کہ بھارت انتخابات کے ذریعے دنیا کو یہ تاثر دینا چاہتا ہے کہ اس نے کشمیریوں کو جمہوری سمیت تمام بنیادی حقوق دے رکھے ہیں ۔

خط میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا ہرگز متبادل نہیں اور بھارت اس طرح کے فرا ڈ انتخابات کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرتا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے ، سیاسی نظر بندوں کی رہائی اور جموںوکشمیر میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی استصواب رائے کے انعقاد کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں