عمران خان قیدی ہیں کوئی عہدیدار نہیں‘ ان کے خط اور قول و فعل کی کوئی وقعت نہیں، عطا تارڑ

منگل 14 مئی 2024 22:22

عمران خان قیدی ہیں کوئی عہدیدار نہیں‘ ان کے خط اور قول و فعل کی کوئی وقعت نہیں، عطا تارڑ
اسلام اباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2024ء) وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات سے مہنگائی کا جن قابو میں آ رہا ہے اور بیرونی سرمایہ کاری دن بدن بڑھتی جا رہی ہے، اسٹاک مارکیٹ روز بروز ریکارڈ توڑ رہی ہے لیکن تحریک انتشار کو یہ ہضم نہیں ہورہی، عمران خان ایک قیدی ہیں وہ کوئی عہدیدار نہیں ہیں، اس لیے ان کے خط اور قول و فعل کی کوئی وقعت نہیں ہے، بتایا جائے بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنوں پر ایف آئی آر کیوں درج نہیں ہوئی 9 مئی والے دن تینوں کور کمانڈر ہاؤس کے باہر موجود تھیں۔

وہ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر امیر مقام کے ساتھ پریس کانفرنس کررہے تھے ،عطاء تارڑ نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے معاملے پر تحریک انتشار اور ملک دشمن عناصر ایک ہی ایجنڈے پر گامزن تھے، تحریک انتشار بھی کشمیر کے معاملے پر انتشار پھیلانے کا سوچ رہی تھی، وزیراعظم کے بروقت نوٹس نے ایک سانحے سے بچا لیا، جس کے بعد وزیراعظم نے تمام سٹیک ہولڈرز کو سنا اور ریلیف کا اعلان کیا، جس کے تحت آزاد کشمیر کی حکومت کو 23 ارب روپے کی رقم دی جائے گی، یہ ہی فیصلہ سازی ہوتی ہے جو بروقت فیصلے لیے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے اقدامات سے دشمن کو ذلت ہوئی ہے، سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، آزاد کشمیر کی طرف کسی کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھنے دیں گے، ہر وقت اور ہر فورم پر کشمیر کی بات ہے، کشمیر میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کے خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے امور کشمیر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم نے تمام سٹیک ہولڈرز کو کشمیر کی صورتحال پر اعتماد میں لیا، آٹے اور بجلی کی قیمت پر سبسڈی دی گئی، صدر مملکت آصف علی زرداری سمیت مختلف شخصیات نے مثبت کردار ادا کیا، 7.7 بلین روپے آزاد کشمیر حکومت کو ٹرانسفر کر دیئے، ایک ارب روپے مزید آزاد کشمیر کو منتقل کئے جا رہے ہیں، 36 گاڑیاں بھی حکومت آزاد کشمیر کو دی گئی ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں