ایرانی صدر مسعود پزشکیان پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے

اتوار 3 اگست 2025 23:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) ایران کے صدر مسعود پزشکیان پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے۔اتوار کو نور خان ایئر بیس پر وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر ریاض حسین پیر زادہ نے معزز مہمان کو الوداع کیا۔وزیر اطلاعات نے ایرانی صدر کو ان کے دورے کی یادگار تصاویر پر مشتمل البم بھی پیش کی۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے دورے کے موقع پر پرتپاک خیر مقدم اور مہمان نوازی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔صدر مسعود پزشکیان نے اپنے قیام کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمدشہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی امور اور عالمی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔

اس کے علاوہ پاک ایران بزنس فورم بھی منعقد ہوا جس میں دوطرفہ تجارت کو بڑھانے اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے تجاویز زیر غور آئیں۔حالیہ عالمی اور علاقائی صورتحال کے تناظر میں ایرانی صدر کا دورہ پاکستان نہایت اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہےجو دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں