وزیراعظم شہباز شریف کی اسرائیلی وزرا کی طرف سے آبادکار گروپوں کے ساتھ مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولنے کی مذمت

پیر 4 اگست 2025 10:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسرائیلی وزرا کی طرف سے آبادکار گروپوں کے ساتھ مل کر مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد اقصی کی بے حرمتی نہ صرف ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے عقیدے کی توہین ہے بلکہ بین الاقوامی قانون اور انسانی اجتماعی ضمیر پر بھی براہ راست حملہ ہے۔

پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ’’ ایکس ‘‘ پر ایک پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی وزرا کی طرف سے آبادکار گروپوں کے ساتھ مل کر اور اسرائیلی پولیس کی ڈھال میں دھاوا بولنے کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا مسلمانوں کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک کی یہ بے حرمتی نہ صرف ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے عقیدے کی توہین ہے بلکہ بین الاقوامی قانون اور انسانیت کے اجتماعی ضمیر پر بھی براہ راست حملہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قابض اسرائیلی حکومت کی طرف سے اس طرح کی منظم اشتعال انگیزیوں نے امن کے امکانات کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے جارحانہ اقدامات جان بوجھ کر فلسطین اور خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں اور مشرق وسطیٰ کو مزید عدم استحکام اور تنازعات کی طرف دھکیل رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق فوری جنگ بندی، تمام جارحیت کے خاتمے اور ایک قابل اعتماد امن عمل کے احیا کے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے جس سے فلسطین کی ایک آزاد اور قابل عمل ریاست کا قیام عمل میں لایا جائے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں