پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ممکنہ کھلاڑیوں کی امریکی سفارتخانے آمد، امریکی سفیر سے ملاقات

پیر 29 اپریل 2024 19:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ممکنہ کھلاڑیوں نے امریکی سفارتخانے میں امریکی سفیر کے ساتھ ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق امریکی ویزا کے اجرا کے لیے امریکی سفارتخانے میں کھلاڑیوں کی بائیو میٹرک مکمل کر لی گئی، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ممکنہ کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو یکم مئی تک پاسپورٹ واپس مل جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی کھلاڑیوں کے ساتھ امریکی سفارتخانے پہنچے جبکہ قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن محمد یوسف اور وہاب ریاض بھی امریکی سفارتخانے پہنچے۔امریکی سفارتخانے میں قومی کھلاڑیوں نے کرکٹ ایکٹیویٹی میں بھی حصہ لیا، اسلام آباد میں بارش کے باعث کرکٹ ایکٹیویٹی آئوٹ ڈور سے انڈور منتقل کی گئی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق شاداب خان، عماد وسیم اور شاہین آفریدی نے امریکی سفیر کو بولنگ کروائی اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے امریکی سفیر کو پاکستان کرکٹ ٹیم کی شرٹ پیش کی گئی۔

کھلاڑیوں نے امریکی سفیر اور امریکی سفارتخانے کے ملازمین کے ساتھ تصاویر بھی لیں جبکہ قومی کھلاڑیوں نے امریکی سفیر کے ساتھ لنچ بھی کیا۔امریکی سفیر نے قومی کھلاڑیوں سے بیٹ پر آٹو گراف لیے، کپتان بابر اعظم دیگر ٹیم کے ہمراہ امریکی سفارتخانے نہیں آئے۔پی سی بی نے امریکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 30 کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ویزا کی درخواستیں دی تھیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں