امریکہ ہمارے دوستوں کو دشمنوں میں تبدیل کرنے کی سازش کررہا ہے ،فائدہ بھارت کو ہوگا ،پاکستان تنہا ہوجائیگا، اسد للہ بھٹو

امریکی صدر کا ایران کے خلاف بیان امت مسلمہ میں اختلافات پیدا کرنے کی خوفناک سازش ہے،وزیر اعظم قومی اسمبلی کی قرارداد کو اہمیت دیں

بدھ 24 مئی 2017 22:05

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2017ء) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر سابق رکن قومی اسمبلی اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ امریکہ ہمارے دوستوں کو دشمنوں میں تبدیل کرنے کی سازش کررہا ہے جس کا فائدہ بھارت کو ہوگا اور پاکستان تنہا ہوجائے گا، امریکی صدر کا ایران کے خلاف بیان امت مسلمہ میں اختلافات پیدا کرنے کی خوفناک سازش ہے،وزیر اعظم قومی اسمبلی کی قرارداد کو اہمیت دیں ۔

وہ جیکب آباد کی تحصیل ٹھل میں سابق تعلقہ ناظم اکبر خان بنگلانی کی والدہ کی وفات پرتعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔اس موقع پر ضلع امیر عبدالحفیظ بجارانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

اسد اللہ بھٹو نے مزید کہا کہ ریاض کانفرنس میںپاکستان سمیت مسلم ممالک کے سربراہان نے شرکت کی کانفرنس میں امریکی صدر کا بیان بڑی سازش تھی جس سے امت مسلمہ کو بہت بڑے نقصان کا امکان ہے ، ایران کے خلاف واضح طور پر نام لیکر بیان دینا درحقیقت امت مسلمہ میں اختلاف پیدا کرنے کی امریکی خوفناک سازش ہے ، دنیا میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان نے بڑی قربانی دی ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی فوج اور عوام کو جانی و مالی نقصان ہوا ہے لیکن ٹرمپ نے اپنی تقریر میں پاکستان کے حق میں ایک لفظ بھی نہیں کہا اس کے مقابلے میں دہشت گرد ریاست بھارت کی تعریف اور کشمیر کے مسئلے پر خاموشی اختیار کی ،امریکی صدر نے اسرائیل کی تعریف اور فلسطین کو دہشت گرد قرار دیا ہے انہوں نے کہا کہ امریکہ امت مسلمہ کے لیے خوفناک سازشوں میں مصروف ہے اس لیے امت مسلمہ کو اپنے مستقبل کے بارے میں سوچنا ہوگا ، انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی طرف سے واضح قرارداد موجود ہے کہ مسلمان ممالک کے بننے والے اتحاد میں تمام مسلم ممالک کو نمائندگی دی جائے گی اس لیے وزیر اعظم نواز شریف نے قومی اسمبلی کی پالیسی کی خلاف ورزی کی ہے ، انہوں نے کہا کہ امریکہ ہمارے پڑوسی اور دوست ممالک کو دشمن بنا رہا ہے جس کا فائدہ بھارت کو ہوگا اور ہم دنیا میں تنہا رہ جائیں گے اس لیے ضروری ہے کہ پاکستان فوری طور پر اس معاملے پر نظر ثانی کرے اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں