ہائیڈرو یونین جیکب آباد کے عہدیداروں نے بجلی چوری اور کرپشن کے ریکارڈ قائم کردئیے

سیپکو کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا جارہاہے ،عمررسیدہ افراد یونین پر قابض ہیں ،نیب بدعنوان افراد کیخلاف کارروائی کرے ، سیپکو ایمپلائز یونین

منگل 10 اپریل 2018 23:52

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2018ء) ہائیڈرو یونین جیکب آباد کے عہدیداروں نے بجلی چوری اور کرپشن کے ریکارڈ قائم کردئیے ہیں، سیپکو کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا جارہاہے عمررسیدہ افراد یونین پر قابض ہیں نیب ان بدعنوان افراد کیخلاف کارروائی کرے ،ا ن خیالات کا اظہار سیپکو ایمپلائیز پیغام یونین سکھر ریجن کے عہدیداران سائیں داد دھامراہ، کریم بخش گاد، غلام مصطفی دایو، محمدطاہرابڑو ودیگر نے ڈسٹرکٹ پریس کلب جیکب آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، پیغام یونین کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ ہائیڈرو یونین کے مرکزی صدررٹائرڈ عبدالطیف نظامانی ،نثارشیخ،سیدزاہد علی شاہ،لالا دھنی بخش پٹھان،نظیرپہنور،وریل میرانی،محراب خان سمیت اکثر رٹائرڈ ملازمین ہائیڈرو یونین پر کئی سالوں سے قابض ہیںوہ رٹائرڈ ہوچکے ہیں مگر آج بھی بدعنوانی میں ملوث ہیں وہ مزدوروں کے کیا مسائل حل کریںگے ، انہوں نے کہاکہ سیپکو ملازمین پر 50سالوں سے قابض ہائیڈرو یونین کرپٹ ٹولہ ہے جوکہ مافیا کے روپ میں ملازمین کے اوپر حکمرانی کررہا ہے اور ہرماہ مزدوروں سے جبراً 70 لاکھ روپے چندے کے نام پر لیا جاتا ہے کل جولوگ جھونپڑیوں میں تھے آج وہ کرپشن کی وجہ سے شاندار محلوں کے مالک بن چکے ہیں، مزدور کے خون پسینے کے محنت سے مزدور کا گھرمشکل سے چلتا ہے مگر ہائیڈرو یونین کی مافیا عیاشیوں میں مگن ہیں ،پیغام یونین کے رہنماؤںنے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سیپکو ڈویژن جیکب آباد میں ساڑھے تین لاکھ کے قریب گھر ہیں مگر واپڈا کے رجسٹرڈ کنکشن کی تعداد 20ہزار ہے جبکہ 3لاکھ 30ہزار غیرقانونی کنڈاکنکشن بھتے کے ذریعے چلائے جارہے ہیں جس سے واپڈا کو اربوں روپیوں کا نقصان ہورہا ہے ، انہوں نے کہا کہ سیپکوجیکب آباد میںگوسٹ ملازمین کی تعداد50 سے زائد ہے جوکہ گھر بیٹھے تنخوائیںوصول کررہے ہیں، ہائیڈرو یونین واپڈا کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے اور صارفین کو تنگ کیا جارہا ہے، ہائیڈرویونین کی کرپٹ مافیا نے کرپشن کے رکارڈقائم کردئیے ہیں جس کیخلاف نیب اور منسٹری آف اینرجی کوکارروائی کرنی چاہیے، انہوں نے کہا کہ پیغام یونین نے سیپکو میں ہونے والی کرپشن کے تمام ثبوت دستاویزات کی صورت میں واپڈاحکام کوارسال کردئیے ہیں ، رہنمائوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ہائیڈرو یونین کے ڈویژنل سیکریٹری بابو محمد حنیف لاشاری نے پیغام یونین کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پیغام یونین کی جانب سے لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں انہوں نے کہا کہ پیغام یونین کے لوگ ملازمین کو بلیک میل کررہے ہیں مگر ہم ان کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے ، انہوں نے کہا کہ ہائیڈرو یونین نے مزدوروں کی حمایت حاصل ہے اور ہم مزدوروں کو بلیک میل کرنے والے ٹولے کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں