لیڈی ڈاکٹر نے ڈلیوری آپریشن کے بعد مریض کے پیٹ میں کپڑا چھوڑ دیا، خاتون جاں بحق

خاتون کے لواحقین کا میت نجی کلینک کے سامنے رکھ کر احتجاج ، 4 گھنٹے دھرنے کے بعد ڈاکٹر فرحین پٹھان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج

ہفتہ 14 دسمبر 2019 12:29

لیڈی ڈاکٹر نے ڈلیوری آپریشن کے بعد مریض کے پیٹ میں کپڑا چھوڑ دیا، خاتون جاں بحق
جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2019ء) صوبہ سندھ کے شہر جیکب آباد میں لیڈی ڈاکٹر نے ڈلیوری آپریشن کے بعد مریض کے پیٹ میں کپڑا چھوڑ دیاجس کے باعث خاتون جاں بحق ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے ایک نجی کلینک میں ڈلیوری آپریشن کے دوران کپڑا پیٹ میں رہ جانے سے مریضہ جاں بحق ہو گئی، ڈاکٹر فرحین پٹھان نے 3 ماہ قبل ڈلیوری آپریشن کیا تھا، ان کی سنگین غفلت کے باعث خاتون جاں بحق ہو گئی۔

خاتون کے لواحقین نے میت نجی کلینک کے سامنے رکھ کر احتجاج کیا، 4 گھنٹے دھرنے کے بعد ڈاکٹر فرحین پٹھان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا، پولیس کے مطابق مقدمہ جاں بحق خاتون نسرین مستوئی کے دیور کی مدعیت میں درج کیا گیا ،مظاہرین نے لیڈی ڈاکٹر کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

متوفیہ کے اہل خانہ نے بتایا کہ تین ماہ قبل زچگی کے آپریشن کے دوران لیڈی ڈاکٹر فرحین کی مبینہ غفلت سے کپڑا پیٹ میں رہ گیا تھا، جس کے باعث متوفیہ اکثر تکلیف میں رہتی تھی، طبیعت زیادہ بگڑنے کے سبب اٴْس نے تڑپ تڑپ کر جان دے دی۔

جاں بحق خاتون کے شوہر نصیب اللہ نے بتایا کہ آپریشن کے ایک ماہ بعد طبیعت بگڑنے پر دوسرے ڈاکٹر نے کپڑا پیٹ میں رہ جانے کا انکشاف کیا تھا، اس کے بعد دوسرا آپریشن کروا کر کپڑا نکلوایا گیا مگر 2 ماہ بعد تک بھی طبیعت نہ سنبھل سکی۔دریں اثنا، نجی کلینک کے سامنے مظاہرین کے دھرنے کے باعث ڈاکٹر سمیت عملہ فرار ہو گیا، مظاہرین نے نعرے بازی بھی کی، جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری پہنچی۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں