سندھ فٹ بال لیگ کی جانب سے صوبائی ریجنل اور ضلعی عہدیداران اور مقامی کھلاڑیوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام

پیر 4 جولائی 2016 22:36

کوٹری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جولائی ۔2016ء) سندھ فٹ بال لیگ (آسٹریلین لاز) کی جانب سے ایسوسی ایشن کے صوبائی ریجنل اور ضلعی عہدیداران اور مقامی کھلاڑیوں کے اعزاز میں النور ریسٹورینٹ جامشورو میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر سندھ فٹ بال لیگ کے چیئرمین حمید شاہ مہمان خصوصی تھے۔ جن سے سندھ فٹ بال لیگ کے صدر خرم رفیع صدیقی اور سیکریٹری پرویز احمد شیخ نے تمام عہدیداران اور کھلاڑیوں کا تعارف کرایا۔

قبل ازیں سندھ فٹ بال لیگ (آسٹریلین لاز)کا اجلاس صدر خرم رفیع صدیقی کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سیکریٹری جنرل پرویز احمد شیخ نے سالانہ رپورٹ پیش کی اور ایسوسی ایشن کی جانب سے چیئرمین حمید شاہ، سید ساجد حسین، عائشہ ارم، اعجاز شیخ اور دیگر کے تعاون کا شکریہ ادا کیا کے جن کے تعاون کی بدولت آسٹریلین فٹ بال کے مختلف فوٹی کلبس کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اگست میں اسلام آباد میں ہونے والی پہلی نیشنل چیمپئن شپ میں شرکت کی منظوری بھی دی گئی جس کے لیے تربیتی کیمپ ملک سکندر خان اسپورٹس کمپلکس کوٹری میں 25جولائی سے لگایا جائے گا۔ اجلاس میں عبدالجبار انصاری ، نور نبی، سید نیاز احمد شاہ، جاوید اقبال، شازیہ جاوید، عبدالرشید خان، فہد ایوب ، علی زوہیب ، محمد اقبال، بابو شاہ اور دیگر بھی شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :

جامشورو میں شائع ہونے والی مزید خبریں