خون سفید ہو گیا ، بیٹے نے گھریلو جھگڑے پر ماں باپ اور بہن کو کلہاڑی سے قتل کردیا

واقعہ کے بعد ملزم فرار ہوگیا جس کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ پولیس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 15 نومبر 2021 15:21

خون سفید ہو گیا ،  بیٹے نے گھریلو جھگڑے پر ماں باپ اور بہن کو کلہاڑی سے قتل کردیا
جھنگ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 نومبر 2021ء) : جھنگ میں ایک شخص نے گھریلو جھگڑے پر اپنے ہی گھر والوں کو کلہاڑی کے وار کر کے موت کے گھاٹ اُتار دیا۔ تفصیلات کے مطابق جھنگ میں ایک شخص نے گھریلو جھگڑے پر مبینہ طور پر کلہاڑی کے وار کرکے اپنے والدین اور بہن کو موت کے گھاٹ اُتار دیا۔ واقعہ کی اطلاع موصول ہونے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کے بعد ملزم فرار ہوگیا جس کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزم کے خاندان کے دیگر افراد سےتفتیش کی جا رہی ہے جبکہ لاشوں کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، البتہ قتل کی وجہ ملزم کی گرفتاری کے بعد ہی سامنے آ سکے گی۔ واضح رہے کہ گھریلو جھگڑوں کو بنیاد بنا کر قتل و غارت کے واقعات میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ ماہ شہر قائد میں ایک بد بخت اور سفاک بیٹے نے تشدد کر کے اپنے ہی ضعیف والد کو موت کے گھاٹ اُتار دیا جبکہ والدہ کو شدید زخمی کر دیا تھا۔

شہر قائد کے علاقہ گلشن اقبال زینب اسکوائر فلیٹ میں بیٹے کے تشدد سے باپ جاں بحق ہو گیا جب کہ والدہ زخمی ہوگئی جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ کراچی کے علاقہ گلشن اقبال زینب اسکوائر سے 70 سالہ شخص کی لاش بر آمد ہوئی، جاں بحق شخص کی شناخت سلیمان کے نام سے ہوئی، پولیس نے اس حوالے سے تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ مقتول بیٹے کے تشدد سے جاں بحق ہوا اور اس کی اہلیہ کو ریسکیو ٹیم نے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا۔

پولیس نے بتایا کہ والد کو تشدد کے بعد قتل کرنے والا بد بخت بیٹا دراصل نشے کا عادی تھا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم والد کو قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔ قبل ازیں لاہور میں جائیداد کے تنازعہ پر ایک سفاک اور بد بخت بیٹے نے اپنی ضعیف والدہ اور چھوٹے بھائی کو موت کے گھاٹ اُتار دیا تھا۔ ملزم شہزاد نے اپنی 75 سالہ ماں اور 42 سالہ چھوٹے بھائی کو کلہاڑی کے وار کرکے قتل کیا۔

پولیس کے مطابق ملزم شہزاد کا اپنی ماں اور بھائی سے کئی ماہ سے 6 مرلے کے مکان کا تنازعہ چل رہا تھا جس کی وجہ سے ملزم نے صبح 6 بجے اپنی ماں اور بھائی کو سوتے ہوئے کلہاڑیوں کے وار کر کے قتل کر دیا اور پولیس کو بلا کر یہ بتایا کہ ڈاکوؤں نے قتل کیا۔ لیکن بعد ازاں پولیس تفتیش کے دوران مشکوک بیان پر ملزم نے فوری طور پر اعتراف جُرم کر لیا، جس پر اسے گرفتار کر لیا گیا تھا۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں