نیب تحریک انصاف کا آلہ کار ہے ،اگر نیب دوران تحقیقات گرفتار کرسکتی ہے تو وزیراعظم کو بھی گرفتار کیا جائے،سعید غنی

احتساب کے نام پر تماشا ہورہا ہے، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے لیے الگ الگ قانون ہے ،وزیر بلدیات

جمعرات 21 فروری 2019 20:20

نیب تحریک انصاف کا آلہ کار ہے ،اگر نیب دوران تحقیقات گرفتار کرسکتی ہے تو وزیراعظم کو بھی گرفتار کیا جائے،سعید غنی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2019ء) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ نیب تحریک انصاف کا آلہ کار ہے ،اگر نیب دوران تحقیقات گرفتار کرسکتی ہیتو وزیراعظم کو بھی گرفتار کیا جائے۔کراچی کی احتساب عدالت میں نیب کی زیر حراست اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی کی پیش کے موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ احتساب کے نام پر تماشا ہورہا ہے، ہمارے ملک میں جو قانون ہے،وہ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے لیے الگ الگ ہے ، ہم جب اس پر بات کرتے ہیں تو ہمیں کہا جاتا ہے کہ سندھ کارڈ استعمال کر رہے ہیں، مجھے بتایا جائے پنجاب کے کون سے کیس کا ٹرائل سندھ میں ہورہا ہے، پنجاب کے کس رہنما کا احتساب سندھ میں ہورہا ہے، لیکن پیپلزپارٹی کا اسلام آباد میں ہو رہا ہے،سب کے ساتھ یکساں رویہ رکھا جائے، اس ملک میں ایک قانون ہے اور آئین ہے، انہوں نے کہاکہ اگر نیب انکوائری اسٹیج پر آغا سراج درانی گرفتار کرسکتی ہے تو وزیر اعظم و دیگر کو بھی کرو، اگراہلخانہ کو حبس بے جا میں رکھنا جائز ہے تو عمران خان کے اہلخانہ کو بھی رکھیں، احتساب کے نام پر تماشہ و کھلواڑ کیا جارہا ہے، ہماری جان نہیں چھوڑی جارہی، ملک سے وفاداری کی سزا دی جارہی ہے، اگر کسی کے اہلخانہ کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے تو پرویز خٹک اور علیم خان کے اہلخانہ کے ساتھ بھی کریں۔

(جاری ہے)

سعید غنی نے کہا کہ اسپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری پر وِزیر اعظم نے نہ مزمت کی نہ کوئی ٹوئٹ کیا، ہم اس کھیل کو جلد بے نقاب کرینگے، ہماری لیڈرشپ کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے جارہے ہیں،آغا سراج درانی مفرور تھے اور نہ وہ نیب کے چھاپوں سے بھاگ رہے تھے۔ آغا سراج کو کراچی میں بھی گرفتار کیا جاسکتا تھا، یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے خلاف ساری کاروئیاں راولپنڈی میں ہوگی، کیا کسی پی ٹی آئی والے کے گھر پر بھی ایسا چھاپہ مارا گیا ، وزیروں کو کون اطلاع دیتا ہے کہ پیپلزپارٹی کی گرفتاریاں ہونے جارہی ہیں علیم خان کی گرفتاری بھی ایک ڈراما ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب ایجنڈے پر کام کر رہا ہے، غیر قانونی حراست پر چیئرمین نیب کا ضمیر نہیں جاگتا، لگتا ہے کہ نیب بنی ہی پیپلز پارٹی والوں کے لیے ہے۔ہم حکمرانوں کے ضمیر کو جنجھوڑنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں قانون ضرور ایک ہے لیکن اس میں تفریق کی جارہی ہے، چِیئرمین نیب پی ٹی آئی کے وزرا سسے ملاقاتیں کرتا ہے، نیب تحریک انصاف وزیراعظم کا آلہ کار ہے۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں