اندرون ملک سفر کیلئے بھی کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کی پابندی کا اطلاق

کراچی ایئرپورٹ پر کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر 8 مسافر آف لوڈ کیے گئے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 1 اگست 2021 11:54

اندرون ملک سفر کیلئے بھی کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کی پابندی کا اطلاق
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 اگست 2021ء ) اندرون ملک سفر کیلئے بھی کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کی پابندی کا اطلاق کردیا گیا، کراچی ایئرپورٹ پر کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر 8 مسافر آف لوڈ کیے گئے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں اندرون ملک سفر کے لیے کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کی پابندی کا اطلاق آج سے ہوگیا ہے ، 18سال سے زائد عمر کے افراد بغیر ویکسی نیشن اندرون ملک سفر نہیں کرسکیں گے اور اس سلسلے میں انتظامیہ نے سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر 8 مسافروں کو آف لوڈ بھی کردیا ، مسافر کراچی سے اسلام آباد جانے کیلئے پرواز میں سوار ہوئے تھے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام نے بتایا ہے کہ ایئرپورٹ منیجر کی زیرنگرانی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ چیک کیے جارہے ہیں کیوں کہ اندرون ملک فضائی سفر کے لیے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے ، کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کی پابندی آج سے اندرون ملک جانے والی پروازوں پرلاگو ہے جب کہ بیرون ملک سفر کرنے والے پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، غیرملکی شہری بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان میں عالمی وباء کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کی تعداد 3 کروڑ سے تجاوز کرگئی ، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر اسد عمر نے بتایا ہے کہ ملک میں پہلی ایک کروڑ ڈوزز 113 دن اور دوسری ایک کروڑ خوراکیں 28 دن میں لگائی گئیں جب کہ کورونا ویکسین کی تیسری ایک کروڑ ڈوزز صرف 16 دن میں لگیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ہفتے کے تمام 6 دن کورونا ویکسین لگانے کی رفتار میں تیزی آئی اور گزشتہ روز صرف ایک دن میں 9 لاکھ 34 ہزار خوراکیں دی گئیں جب کہ مجموعی طور پر گزشتہ 6 روز میں کورونا ویکسین کی 50 لاکھ خوراکیں دی گئیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں