عباسی شہید اسپتال کراچی میں حادثے کے زخمیوں کا علاج بھی بندہوگیا

زخمیوں کو ادویات اور دیگر سہولیات نہ ہونے کے باعث جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا

جمعرات 21 اکتوبر 2021 15:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2021ء) ٹریفک حادثے میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوگئے ، جاں بحق ہونے والی خاتون موٹرسائیکل پر جا رہی تھی۔رضویہ کے علاقے ناظم آباد نمبر2 انکوئری آفس کے قریب تیز رفتار کار نے ایک ساتھ تین موٹرسائیکلوں کو ٹکر ماردی، ڈرائیور نے حادثے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی تاہم قریبی موجود رینجرز موبائل نے تعاقب کر کے کار کو روک کر ڈرائیور کو حراست میں اور کار کو قبضے میں لے لیا ۔

بعدازاں ڈرائیور اور کار نمبرAGP-698 کو رضویہ پولیس کے حوالے کر دیا۔حادثے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے ، متوفیہ کی لاش اور زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ، اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں جاں بحق ہونے والی خاتون کا شوہر بھی شامل ہے ، متوفیہ کے شوہر اور ایک زخمی کی حالت انتہائی تشویشناک ہے ، زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال میں ادویات اور دیگر سہولیات موجود نہ ہونے کے باعث ایدھی اور پرائیوٹ ایمبولنسوں کی مدد سے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق متوفیہ کی شناخت 19 سالہ حبہ دختر سلیم کے نام سے کی گئی جبکہ زخمیوں میں 28 سالہ رمیض ولد آفاق ، 20 سالہ طارق ولد نور ، 20 سالہ محمد نعمان ولد اکبر اور 25 سالہ ملک سلطان ولد ولی اعوان شامل ہیں ، رمیض اور طارق کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔متوفیہ حبہ گرین ہاون ڈینٹل کالج نارتھ ناظم آباد بلاک این کی رہائشی تھی جبکہ زخمی ہونے والا محمد نعمان مکان نمبرB-342 بلاک N محلہ پیپلز کالونی نارتھ ناظم آباد کا رہائشی ہے ، پولیس کے مطابق حادثے کا ذمے دار سفید رنگ کی ٹویوٹا کرولا کار کا ڈرائیور جس نے اپنا نام رضوان بتایا ہے نشے کی حالت میں ہے ، کار سے شراب کی ایک بوتل بھی برآمد کی گئی ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں