بھارتی حکومت کا پی آئی اے کو جے پور کیلئے پرواز کی اجازت دینے سے انکار

قومی ایئرلائن نے ہندو یاتریوں کو واپس لے کر جانے کیلئے 29 جنوری کو کراچی سے جے پور کی خصوصی پرواز شیڈول کی ‘ بھارت کی سی ای اے نے پرواز کو جے پور ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت نہیں دی

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 28 جنوری 2022 12:02

بھارتی حکومت کا پی آئی اے کو جے پور کیلئے پرواز کی اجازت دینے سے انکار
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 جنوری 2022ء ) بھارتی حکومت نے پی آئی اے کو جے پور کیلئے پرواز کی اجازت دینے سے انکار کردیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ہندو کونسل کی درخواست پر یاتریوں کو مقدس مقامات کا دورہ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ، جس کے بر ان یاتریوں کی واپسی کے لیے پی آئی اے نے 29 جنوری کو کراچی سے جے پور کے لیے خصوصی پرواز شیڈول کی ، پی آئی اے کی خصوصی پرواز کو کل ہفتہ کی صبح کراچی سے لاہور اور لاہو ر سے جے پور جانا تھا ، اس پرواز کے ذریعے 160 یاتریوں کو پاکستان سے بھارتی شہر جے پور روانہ ہونا تھا ، پی آئی اے کی پرواز کو بھارتی شہر جے پور کے ایرپورٹ پر دوپہر 12 بجے لینڈ کرنا تھا تاہم بھارتی سی ای اے نے پی آئی اے کی خصوصی پرواز کو جے پور ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت نہیں دی جب کہ گزشتہ ماہ بھی بھارت نے پی آئی اے کی نئی دلی کے لیے پرواز کی اجازت نہیں دی تھی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان ہندو کونسل کی درخواست پر یاتریوں کو مقدس مقامات کا دورہ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا ، جس کے لیے پی آئی اے اور پاکستان ہندو کونسل کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے ، معاہدے کے تحت پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن ناصرف اندرون ملک بلکہ متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک سے ہندو یاتریوں کیلئے خصوصی پروازیں فراہم کرے گی ، اس مقصد کے لیے ہونے والی مفاہمتی یاداشت پر قومی ایئرلائن کے سی ای او ائیر مارشل ریٹائرڈ ارشد ملک اور پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار نے دستخط کیے ، معاہدے کے تحت پی آئی اے اور پاکستان ہندو کونسل ملک میں مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے مل کام کریں گے ، اس سلسلے میں پی آئی اے اندرون ملک ، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک سے ہندو یاتریوں کے پاکستان آنے کیلئے خصوصی پروازیں فراہم کرے گی۔

اس ضمن میں ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا ہے کہ اس مقصد کے لیے گزشتہ ہفتے بھی ایک پرواز آپریٹ کی گئی ، اس پرواز کے ذریعے بیرون ملک سے آنے والے مہمان پاکستانی حکام اور عوام کی مہمان نوازی سے بہت متاثر ہوئے ، جس کی وجہ سے فیصلہ کیا کہ پی آئی اے اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر ایسی سہولیات فراہم کریں گے کہ جن کی مدد سے پاکستان میں مذہبی سیاحت کو فروغ دیا جاسکے۔

اس موقع پر سی ای او پی آئی اے ائیرمارشل ارشد ملک نے کہا کہ پاکستان میں کئی مذاہب کی اہم اور مقدس عبادت گاہیں ہیں اور قومی ائیرلائن پاکستان کے مختلف شہروں میں ہندوؤں کے مذہبی مقامات تک رسائی کے اقدامات میں تعاون کرے گی ، ہم تمام مذاہب کے ماننے والوں کو اپنے طیاروں پر بلا تفریق خوش آمدید کہتے ہیں جس کے لیے قومی ائیرلائن قائداعظم کے مشن پرمکمل عمل درآمد کرے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں