پاک ترک تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا آغاز ہو گیا ہے‘سی پیک منصوبہ علاقائی روابط کے فروغ کیلئے نہایت اہم ہے.شہبازشریف

پی این ایس بدر پاکستان اور ترکی کے اشتراک کی بہترین مثال ہے، پاک ترک تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا آغاز ہوگیا ہے.وزیراعظم کا کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں پاک بحریہ کے تیسرے ملجم کلاس کارویٹ بحری جہاز پی این ایس بدر کی لانچنگ تقریب سے خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 20 مئی 2022 18:50

پاک ترک تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا آغاز ہو گیا ہے‘سی پیک منصوبہ علاقائی روابط کے فروغ کیلئے نہایت اہم ہے.شہبازشریف
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 مئی ۔2022 ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک ترک تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا آغاز ہو گیا ہے، دونوں ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا، پی این ایس بدر پاکستان اور ترکی کے اشتراک کی بہترین مثال ہے، جلد پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ترکی کا بڑا حصہ ہوگا، سی پیک منصوبہ علاقائی روابط کے فروغ کیلئے نہایت اہم ہے.

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں پاک بحریہ کے تیسرے ملجم کلاس کارویٹ بحری جہاز پی این ایس بدر کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیابحری جہاز ترکی کے ایم ایس اسفات کے تعاون سے کراچی شپ یارڈ میں تیار کیا گیا ہے.

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ اس تقریب میں شرکت کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، پاک بحریہ کے سربراہ، ترک کمپنی اور شپ یارڈ کے عملے کو اس عظیم کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں انہوں نے کہا کہ پی این ایس بدر پاکستان اور ترکی کے اشتراک کی بہترین مثال ہے، پاک ترک تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا آغاز ہوگیا ہے، ترکی کے صدر رجب طیب اردوان پاکستان کے بھائی اور دوست ہیں اور وہ پاکستان کاز کے بڑے حامی ہیں، ان کے دور میں دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو استحکام حاصل ہوا ہے اور ہمارے تعلقات خارجہ پالیسی سے جہاز سازی اور ٹرانسپورٹ سے صحت عامہ کے شعبوں تک پھیل گیا ہے اور دوطرفہ تعلقات کو باہمی فائدے کیلئے ہم عظیم بلندیوں پر لے جائیں گے، پی این ایس بدر کی لانچنگ سے پاک ترک تعلقات میں نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے.

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی ایک قوم ہیں جو دو مختلف ملکوں میں رہتی ہے، کورونا کے دوران جہاز کی تیاری دونوں ملکوں کی بڑی کامیابی ہے اور پاک بحریہ اور ترکی کی کمپنیوں کے درمیان تعاون سے ہمارے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور ہم ترکی کی مہارت اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں گے، پاکستان کی طویل ساحلی پٹی ہے، تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر ہم آگے بڑھ سکتے ہیں.

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ علاقائی روابط کے فروغ کیلئے نہایت اہم ہے اور گوادر اس کا مرکز بن رہا ہے، سی پیک کو ترکی تک وسعت دی جا سکتی ہے جس سے علاقہ کے لوگوں کو فائدہ ہو گا انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے عوام کے فائدہ کیلئے دفاع، خارجہ پالیسی اور صحت عامہ کے شعبوں میں کثیر طرفہ تعاون نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے، پی این ایس بدر کی لانچنگ سے کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم میں میری ٹائم سرگرمیاں بڑھیں گی جس سے مالیاتی اور صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا، یہ سنگ میل عبور کرنے پر پاک بحریہ کے سربراہ، ان کی ٹیم اور وزیر دفاع کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، پاکستان کی حکومت ملک میں اقتصادی رابطے بڑھانے کیلئے بنیادی ڈھانچہ کو وسعت دے رہی ہے، ترکی کے ساتھ تعاون کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے، ، ترکی کے ساتھ برصغیر کے مسلمانوں کے تعلقات قیام پاکستان سے پہلے کے ہیں اور جلد پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ترکی کا بڑا حصہ ہوگا.

انہوں نے کہا کہ ترکی نے 2005 کے زلزلے اور 2010 میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد پاکستان کی بھرپور مدد کی اور صدر رجب طیب اردوان اور ان کی اہلیہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا تھا اور ترک خاتون اول نے متاثرین کیلئے نیکلس کا عطیہ بھی دیا، یہ ہماری تاریخ کے وہ یادگار لمحات ہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا اس موقع پر وزیراعظم نے کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کے عملے کیلئے 10 کروڑ روپے کا بھی اعلان کیا.

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل امجد خان نیازی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دفاعی تعلقات فروغ پا رہے ہیں، پاک بحریہ ملکی دفاعی ضروریات پوری کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے، قومی ضروریات پوری کرنے میں کراچی شپ یارڈ کا اہم کردار ہے اس موقع پر ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا . انہوں نے یقین دلایا کہ ترکی پاکستان کے ساتھ عسکری تعاون کو فروغ دے گا ترکی اور پاکستان کے درمیان تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ دونوں ممالک کے مضبوط اور مستحکم تعلقات اور تعاون کی ایک بڑی مثال ہے، پاکستان جغرافیائی محل وقوع کے لحاظ سے جنوبی ایشیا کا ایک اہم ملک ہے اور پاکستان اور پاکستان کے عوام کی ہمارے نزدیک بہت اہمیت ہے.

انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کے تحت دوسرا بحری جہاز ستمبر میں استنبول میں لانچ کیا جائے گا اس موقع پر ترکی کے وزیر دفاع ہلوسی آلہ کار نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات ایک نئے مرحلہ میں داخل ہو گئے ہیں، پی این ایس بدر پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے اور علاقہ میں امن و استحکام میں مددگار ثابت ہو گا، یہ جہاز جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے، 2023، 2024 اور 2025 میں بحری جہاز بھی لانچ کئے جائیں گے.

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی پر انحصار دنیا میں بڑھتا جا رہا ہے، ہماری دفاعی صنعت اعلیٰ معیار کی حامل ہے، ترکی کے عوام پاکستان کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور ہمارے باہمی تعلقات کی نوعیت دیگر ممالک سے مختلف ہے، دونوں ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکی نے ہر شعبہ میں ترقی کی ہے، توقع ہے کہ دونوں ممالک ایسے مزید منصوبوں پر بھی کام کریں گے جس سے دونوں ممالک کی دوستی اور پاکستان کی دفاعی قوت میں اضافہ ہو گا.

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں