بلاول بھٹو زرداری سے پارٹی رہنمائوں ،ارکان اسمبلی کی ملاقاتوں کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا

پارٹی چیئرمین سے نثار کھوڑو،اعجازجاکھرانی،نویدقمر،نواب خان وسان،امدادپتافی اورمبٹ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی نے الگ الگ ملاقات کی

منگل 30 اپریل 2024 20:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پارٹی رہنمائوں ،ارکان اسمبلی کی ملاقاتوں کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔پارٹی چیئرمین سے پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑونے ملاقات کی۔ ملاقات میں سندھ کے سیاسی و تنظیمی معاملات پرتبادلہ خیال کیاگیا۔بلاول بھٹو زرداری سے اراکین قومی اسمبلی اعجاز خان جاکھرانی اور سید نوید قمر نے بھی ملاقات کی، اس موقع پر قومی اسمبلی سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے رکن قومی اسمبلی مخدوم جمیل الزماں نے بھی ملاقات کی، اس موقع پر ہالا کے عوام کے مسائل اور ان کے حل پرتبادلہ خیال کیاگیا۔بلاول بھٹو زرداری سے رکن سندھ اسمبلی امداد پتافی نے سجاد پتافی اور مجتبیٰ پتافی کے ہمراہ ملاقات کی، اس موقع پر ٹنڈوالہیار کے عوام کے مسائل اور ان کے حل پر بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین سے سابق رکن قومی اسمبلی اور پی پی پی خیرپور کے رہنما نواب خان وسان نے ملاقات کی، اس موقع پر خیرپور کے عوام کے مسائل اور ان کے حل پر بریفنگ دی گئی۔بلاول بھٹو زرداری سے گمبٹ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی نے ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے پیر عبدالقادر شاہ جیلانی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں