کراچی ٹریفک پولیس نمبر پلیٹ کے نام پر بھتہ لے رہی ہے

سندھ حکومت نے شہریوں کو لوٹنے کا نیا راستہ نکالا ہے، ٹریفک پولیس کی روزانہ کروڑوں کی رشوت اوپر تک جاتی ہے،ایم کیوایم ان کو بدمعاشی نہیں کرنے دے گی، رہنماء ایم کیوایم فاروق ستار

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 3 جولائی 2025 23:32

کراچی ٹریفک پولیس نمبر پلیٹ کے نام پر بھتہ لے رہی ہے
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 03 جولائی 2025ء ) مرکزی رہنماء ایم کیوایم فاروق ستارنے کہا ہے کہ کراچی ٹریفک پولیس نمبر پلیٹ کے نام پر بھتہ لے رہی ہے، ایم کیوایم ان کو بدمعاشی نہیں کرنے دے گی۔انہوں نے آج یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ٹریفک پولیس نمبر پلیٹ کے نام پر بھتہ لے رہی ہے،سندھ حکومت نے شہریوں کو لوٹنے کا نیا راستہ نکالا ہے، ٹریفک پولیس کی روزانہ کروڑوں کی رشوت اوپر تک جاتی ہے۔

کراچی میں ٹریفک پولیس کی رشوت ستانی ایک صنعت بن چکی ہے، ایم کیوایم ٹریفک پولیس کو بدمعاشی نہیں کرنے دے گی۔ ڈمپر مافیا کی وجہ سے شہریوں کی جانیں محفوظ نہیں ، شہری ٹریفک جام میں پھنسے رہتے ہیں لیکن کوئی حل موجود نہیں۔ کراچی کی سڑکیں موہنجوداڑو جیسی کردی ہیں، یہ اب ٹوٹی سڑکوں سے گزرنے کا حق بھی چھیننا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

شہریوں کا صبر اگر جواب دے گیا تو سیلاب میں حکومتیں بہہ جائیں گی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں دوماہ میں 52 ہزار چالان کئے گئے، آئی جی سندھ کراچی والوں کو دھمکاتے ہیں، غلام نبی میمن کے رویے کے خلاف مزاحمت ہوگی۔ مزید برآں ایم کیو ایم پاکستان کے حق پرست اراکینِ سندھ اسمبلی نے کراچی کے تباہ حال انفراسٹرکچر، غیر فعال ٹریفک نظام، اور ناقص ٹرانسپورٹ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سندھ سے فوری اصلاحی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں، جگہ جگہ گڑھے اور ٹوٹی پھوٹی شاہراہیں شہریوں کے لیے عذاب بن چکی ہیں۔ شہر کا انفراسٹرکچر مکمل طور پر تباہی کا شکار ہے اور حکومت کی طرف سے کیے گئے ٹرانسپورٹ کے تمام دعوے زبانی جمع خرچ ثابت ہوئے ہیں۔ ایم کیو ایم کے اراکین نے کہا کہ جس جدید پبلک ٹرانسپورٹ کا وعدہ کیا گیا تھا، وہ تاحال کراچی کے عوام کے لیے ایک نامکمل خواب ہے۔ چند مخصوص علاقوں میں چلنے والی بسیں شہر کی کروڑوں کی آبادی کے لیے ناکافی ہیں۔ 

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں